پولیس اور رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن میں133جرائم پیشہ افراد گرفتار

لیاری سے5 بھتہ خوراور ٹارگٹ کلر گرفتار،فریال اپارٹمنٹ میں سرچ آپریشن 20جرائم پیشہ زیر حراست،11شاٹ گنزبرآمد کرلی گئیں

ویسٹ زون نے 24 جرائم پیشہ دھرلیے،سائوتھ زون نے 18 ملزم پکڑلیے،رینجرز نے 8 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا فوٹو:فائل

پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں ٹارگٹ کلرز سمیت 133ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

بغدادی پولیس نے ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث 5 ملزمان ریحان،ذیشان، زبیر ، شاکر اوروقارعرف پٹنی کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا ہے ، ڈی ایس پی بغدادی غلام مرتضی میرانی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں وصی اﷲ لاکھو گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزمان بھی شامل ہیں اورگرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، قتل ، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں، پولیس نے گلستان جوہر بلاک13میں واقع فریال اپارٹمنٹ میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے11شاٹ گنز، رپیٹرز،اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا،ایس پی شاہراہ فیصل علی آصف نے بتایا کہ برآمد کیا جانے والا بیشتر اسلحہ پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ کمپنی کا ہے اور اسلحہ قانونی ہے یا غیر قانونی اس حوالے سے تصدیق جاری ہے۔

موچکو پولیس نے ماڑی پور سے اسلحے کے زور پر چھینا جانے والا ٹرک رجسٹریشن نمبر جی ایل ٹی6480 برآمد کر کے ملزم عبدالجبار ولد عبدالطیف کو گرفتار کرلیا، عزیز بھٹی پولیس نے گلشن اقبال میں عزیز بھٹی پارک کے قریب سے5 ملزمان ایاز ، بلال شاہ ، مقبول احمد ، علی زاہد اور منیر احمد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے5 ٹی ٹی پستول اور30 راؤنڈ برآمد کر لیے،ایسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں52 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے9 پستول،32 راؤنڈ ، نقد رقم ، منشیات اور بڑی مقدار میں گٹکا برآمد کرلیا ۔




ڈی آئی جی ایسٹ منیر احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک اشتہاری ملزم،8 مفرور اور6 مشکوک ملزمان شامل ہیں، ویسٹ زون پولیس نے چھاپہ مارکارروائیوں میں24 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے5 پستول 14راؤنڈ، ایک موٹر سائیکل اور منشیات برآمد کر لی، ڈی آئی جی ویسٹ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک ٹارگٹ کلر او6 اشتہاری اور مفرور ملزمان شامل ہیں،ساؤتھ زون پولیس نے چھاپہ مارکار کارروائیوں میں 18ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے4 پستول، 13راؤنڈ ایک موٹر سائیکل اور ایک مغوی بازیاب کرا لیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ منیر احمد شیخ کے مطابق گرفتار ملزمان میں9 مفرور ملزمان ، اسٹریٹ کرائم کے7اور دیگر جرائم کے الزام میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن ، منظور کالونی ، ماروی گوٹھ ، نصرت بھٹو کالونی ، گلشن اقبال، گلستان جوہر، مجاہد کالونی ، سنگولین میں ٹارگٹڈ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے دوران8 جرائم پیشہ عناصر کوحراست میں لے مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کر لیا، ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے مختلف گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان شامل ہیں، رینجرزذرائع کے مطابق رینجرز نے گولیمار اور چنیسر گوٹھ میں رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی جس کے نتیجے میں متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا زیر حراست مشتبہ افراد کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ برآمد ہواہے۔
Load Next Story