امریکا کا پاکستان کیلیے ’ملٹری ٹریننگ پروگرام‘ کی بحالی کا اعلان

’انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ‘ پروگرام پاکستان کے لیے امریکا کی فوجی امداد 2 ارب ڈالر کا ایک حصہ ہے

ایک سال قبل صدر ٹرمپ نے ملٹری ٹریننگ میں پاکستان کو شرکت سے روک دیا تھا، فوٹو : فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے گزشتہ ایک سال سے معطل شدہ ملٹری ٹریننگ پروگرام کو بحال کرنے کی منظوری دے دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا کے سب سے اعلیٰ ملٹری ٹریننگ اور تعلیمی پروگرام میں پاکستان کی شرکت کی بحالی کی منظوری دے دی، تاہم منظوری پر عمل درآمد امریکی پارلیمان کانگریس سے منظوری کے بعد ہی ممکن ہوسکے گا۔


گزشتہ 10 برس سے پاکستان اور امریکا کے درمیان فوجی تعاون میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والا پروگرام ' آئی ایم ای ٹی' ایک سال سے معطل تھا تاہم صدر ٹرمپ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان رواں سال ہونے والی ملاقاتیں رنگ لے آئیں اور ٹریننگ پروگرام میں پاکستان کی شرکت پر عائد پابندی اُٹھالی گئی۔

امریکا کی جانب سے پاکستان کے لیے ملٹری ٹریننگ کی بحالی کا فیصلہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا اور طالبان کے ساتھ مذاکرات میں مدد اور سہولت فراہم کرنے کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے علاقائی سیکیورٹی اور استحکام بڑھانے کے لیے اس طرح کے ٹھوس اقدامات جاری رکھنے کی امید کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ 'انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ' پروگرام کا انعقاد امریکی محکمہ خارجہ کرتا ہے جو پاکستان کے لیے امریکا کی فوجی امداد 2 ارب ڈالر کا ایک حصہ ہے۔ ٹریننگ پروگرام میں حصہ لینے والے غیر ملکی فوجی افسران 'یو ایس آرمی وار کالج' اور 'یو ایس نیول وار کالج' میں تربیت حاصل کرتے ہیں۔
Load Next Story