نیب کے نوٹس سے نہیں ڈرتے بلاول بھٹو زرداری

اس لیے آزادی نہیں حاصل کی کہ کٹھ پتلی کے غلام بنیں، چیئرمین پیپلز پارٹی

عجیب حکومت ہے کہ برطانیہ کا شہری بھی کابینہ کا رکن ہے، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نیب کے نوٹسز آنا شروع ہوگئے ہیں لیکن ہم اس سے نہیں ڈرتے۔

پشاور میں کارکنوں سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ وہ جمہوریت نہیں جس کے لیے کارکنوں نے کوڑے کھائے، ہم نے اس لیے آزادی نہیں حاصل کی کہ کٹھ پتلی کے غلام بنیں، یہ کسی جمہوریت ہے کہ ہم ملک میں شفاف انتخابات تک نہیں کراسکتے۔ 1988سے لے کر 2018 تک ہر الیکشن میں دھاندلی ہوتی رہی ہے۔


چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج پاکستان میں نہ عوام آزاد ہیں اور نہ صحافت ، ملک میں میڈیا پر بھی عجیب قسم کی پابندیاں ہیں، آج میڈیا بھی آزاد نہیں، دہشت گرد کلبھوشن یادیو کا انٹرویو ٹی وی پر چل سکتا ہے لیکن آصف زرداری کا انٹرویو ٹی وی پر نہیں چل سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ یہ عجیب حکومت ہے کہ برطانیہ کا شہری بھی کابینہ کا رکن ہے، سلیکٹڈ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے،یہ گھبرائی ہوئی حکومت ہے، ہمارے جلسے کے اعلان سے کٹھ پتلی ڈر گیا، حکومت سمجھتی ہے کہ ہم نیب کی وجہ سے ڈر جائیں گے اور مجھے نیب کے نوٹسز آنا شروع ہوگئے ہیں لیکن ہم نیب کے نوٹسز سے نہیں ڈرتے۔ہم قائد عوام کے جیالے اور بے نظیر بھٹو کے جانثار ہیں ، ہم ان کا آسانی سے مقابلہ کریں گے۔
Load Next Story