ملک بھر میں گیس کی قلت سے شہری پریشان سی این جی اسٹیشنز بھی بند

سوئی گیس صارفین بلوں کی ادائیگی کے باوجود لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں

سوئی گیس صارفین بلوں کی ادائیگی کے باوجود لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں، فوٹو: فائل

موسم سرما میں ملک کے مختلف شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کا سلسلہ دراز ہوگیا جب کہ کراچی میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا۔

پنجاب، کے پی کے،بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں سردی بڑھنے سے گیس غائب ہوگئی جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث کھانا پکانے میں پریشانی ہورہی ہے اور صارفین بلوں کی ادائیگی کے باوجود لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔


کراچی میں بھی گیس کا بحران شدید ہوگیا ہے، گھریلوصارفین اور کمرشل سیکٹر کو گیس کی قلت کے باعث دشواری کا سامنا ہے، گھریلو صارفین کی طلب پوری کرنے کے لیے سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز گزشتہ پانچ دن سے بند ہیں۔

سوئی گیس کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ پیر کی صبح آٹھ بجے تمام سی این جی اسٹیشن کھول دیے جائیں گےتاہم پیر کو بھی کو اسٹیشنزبند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج صبح آٹھ بجے سے اگلے چوبیس گھنٹے تک گیس کی ترسیل معطل رہے گی۔

سی این جی کی بندش سے پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث شہریوں کو اپنی منزل پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ پر بھاری کرایے ادا کرنے پر مجبور ہیں، شہریوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں من مانہ اضافہ کردیا ہے۔
Load Next Story