ایک سیریز میں جیت پر اپنی خامیوں سے توجہ نہیں ہٹائیں گے اظہر علی

کسی کو نظر انداز نہیں کیا، ٹیم میں کھلاڑیوں کو مناسب اور ضرورت کے مطابق شامل کیا جاتا ہے، اظہرعلی

جس کھلاڑی کی ٹیم میں جگہ ہوگی اسے موقع ملے گا، قومی ٹیسٹ کپتان۔ فوٹو : فائل

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف کامیابی قابل فخر ہے، ایک سیریز میں جیت پر اپنی خامیوں سے توجہ نہیں ہٹائیں گے۔

میچ کے اختتام پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں تمام کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا، سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں کامیابی پر بہت خوشی اور فخر ہے ، یہ فتح ٹیم ورک کا نتیجہ رہی۔


قومی کپتان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف کامیابی خوش آئند ہے لیکن ایک سیریز میں جیت پر اپنی خامیوں سے توجہ نہیں ہٹائیں گے، کوشش ہوگی کہ ٹیم میں موجود خامیوں کو دور کیا جائے، یہ اچھی بات ہے کہ ایک اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہا تاہم مجھے ابھی بہت محنت کرنی ہے۔

اظہرعلی نے کہا کہ کسی کو نظر انداز نہیں کیا، ٹیم میں کھلاڑیوں کو مناسب اور ضرورت کے مطابق شامل کیا جاتا ہے، جس کھلاڑی کی ٹیم میں جگہ ہوگی اسے موقع ملے گا، امید ہے کہ اسپنر یاسر شاہ اپنی کھوئی ہوئی فارم دوبارہ پانے میں کامیاب ہوجائیں گے، وہ پاکستان کے ایک اچھے بولر ہیں اور انہوں نے متعدد مرتبہ پاکستان کو فتوحات سے ہمکنار کرانے میں اہم کردار ادا کیا، امید ہے کہ وہ آئندہ بھی پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ بنگلا دیش ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے پاکستان کیوں نہیں آنا چاہتا، جب کہ ان کے پاس پاکستان نہ آنے کی کوئی وجہ بھی نہیں، بنگلہ دیش کے پاس بھی زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے مواقع نہیں، اسے پاکستان آکر ٹیسٹ کرکٹ مقابلوں میں شرکت کرنی چاہیے، اس حوالے سے آئی سی سی کو ایکشن لینا اور معاملے کو دیکھنا چاہیے۔
Load Next Story