ڈی جی رینجرز اور لیژر لیگز کا فٹبال اور باکسنگ کے فروغ کیلیے مشترکہ کوششوں کا اعلان

پاکستان رینجرز اور لیژر لیگز کھیلوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے، ڈی جی رینجرز سندھ

پاکستان رینجرز اور لیژر لیگز کھیلوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے، ڈی جی رینجرز سندھ (فوٹو: فائل)

ڈی جی رینجرز سندھ نے لیژر لیگ کے ساتھ مل کر فٹبال اور باکسنگ کے فروغ کے لیے کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پیپلز اسٹیڈیم لیاری میں منعقدہ "رینجرز شکریہ جناح باکسنگ چیمپین شپ 2019ء"کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری نے کہا کہ پاکستان رینجرز اور لیژر لیگز کھیلوں بالخصوص فٹ بال اورباکسنگ کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

ڈی جی رینجرز سندھ کا کہنا تھا کہ باکسنگ چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر ورلڈ گروپ اور لیژر لیگز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، رینجرز اور لیژر لیگز مل کر نہ صرف فٹ بال کے لیے کام کریں گے بلکہ باکسنگ کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔




ڈی جی رینجرز نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ رینجرز اور لیژر لیگز لیاری میں کھیلوں کے میدانوں پر سہولیات کی بہتری کے لیے بھی مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ لیاری کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں، وہ نہ صرف لیاری اور کراچی کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریں جیسا کہ ماضی میں ان کے پیشرؤوں نے سیف گیمز، اولمپکس اور دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں اپنے ملک کا سبز ہلالی پرچم بیرون ممالک میں بلند کیا۔

ڈی جی رینجرز سندھ نے پیپلز اسٹیڈیم کے فٹبال گراؤنڈ کی ڈویلپمنٹ میں مثالی کردار ادا کرنے پر لیژر لیگز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
Load Next Story