پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کردی

امریکی رپورٹ جانب دارانہ ہے کیوں کہ اس میں بھارت کو شامل نہیں کیا گیا، دفتر خارجہ

بھارت کا حالیہ شہریت بل اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا ثبوت ہے لیکن اس کا نام شامل نہیں، دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ جانب دارانہ ہے مسلمانوں کے خلاف حالیہ شہرت بل کے باوجود بھارت کا نام اس میں شامل نہیں کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ امریکی رپورٹ پاکستان کے زمینی حقائق کے برعکس ہے جس میں مخصوص ممالک کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور اس حوالے سے حکومت، پارلیمنٹ اور عدلیہ نے ٹھوس کوششیں کیں۔




ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ مذہبی پابندیوں میں بھارت کا شمار بھول گیا، بھارت مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والا سب سے بڑا ملک اور اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔

عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ امریکی کانگریس نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر دو مرتبہ اجلاس منعقد کیے، اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کمیشن نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جب کہ بھارت کا حالیہ شہریت بل بھارت کے اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا ثبوت ہے، امریکی رپورٹ غیر جانب دارانہ نہیں کیوں کہ اس میں بھارت کو شامل نہیں کیا گیا۔
Load Next Story