ن لیگ آج نئے صوبوں پر اپنی حکمت عملی وضع کرے گی

نواز شریف تجاویز پارٹی رہنماؤں کے سامنے رکھیں گے، چوہدری نثار پیپلزپارٹی کو بھی بھیج چکے

نواز شریف تجاویز پارٹی رہنماؤں کے سامنے رکھیں گے، چوہدری نثار پیپلزپارٹی کو بھی بھیج چکے

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت نئے صوبوں کے معاملے پر حکمت عملی تیار کرنے کیلیے آج مری میں سرجوڑ کر بیٹھے گی۔

ذرائع نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ امکان ہے نوازشریف نئے صوبوں کیلیے قومی کمیشن کے قیام پر ن لیگ کی تیار کردہ تجاویز پارٹی رہنمائوں کے سامنے رکھیں گے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی نے بیک ڈور چینل سے یہ تجاویز حکمران پیپلزپارٹی کو بھی پہنچادی ہیں۔ مسلم لیگ ن سپریم کورٹ کے ریٹائر جج کی سربراہی میں قومی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کررہی ہے اور چاہتی ہے کہ مجوزہ کمیشن میں پارلیمنٹ کے ارکان کے برابر پنجاب اسمبلی کے ارکان شامل کیے جائیں۔


قبل ازیں یہ بھی کہا جارہا تھا کہ ن لیگ کمیشن کی سربراہی بھی چاہتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا مئوقف ہے کہ نئے صوبے صرف پنجاب میں نہیں بننے چاہیئں، کمیشن کو ہزارہ اور فاٹا صوبے کے قیام پر غور کا بھی مینڈیٹ ہونا چاہیے۔ کمیشن اسپیکر قومی اسمبلی نہیں بلکہ حکومت تشکیل دے اور اس میں تمام جماعتوں کو نمائندگی دی جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ ن اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے پر کسی طور پر تیار نہیں۔ اگر پیپلزپارٹی نے ان تجاویز پر منفی ردعمل ظاہر کیا تو پھر وہ اتحادی حکومت پر نیا کمیشن بنانے کیلیے دبائو ڈالے گی اور اگر دوسری طرف سے لچک دکھائی گئی تو نئے کمیشن کی سربراہی ریٹائر جج کو دینے کا مطالبہ کیا جائیگا۔

مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری اقبال ظفر جھگڑا نے ایکسپریس ٹربیون کو تصدیق کی کہ آج پارٹی کا اجلاس ہوگا۔ ہمیں صوبہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور بنانے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن یہ عمل ایک نئے قومی کمیشن کے ذریعے ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن کی ساکھ بہتر ہوگی۔ امید ہے پیپلزپارٹی ہماری تجاویز کا مثبت جواب دے گی۔

دریں اثنا ذرائع نے بتایا کہ آج اجلاس میں پارٹی کی سطح پر نگران وزیر اعظم کیلیے تجویز کردہ ناموں پر غور و غوض کے علاوہ نگران سیٹ اپ کے قیام، مجوزہ احتساب بل سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔ آج سے شروع ہونیوالے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کیلئے بھی حکمت عملی طے کی جائیگی جبکہ نوازشریف کی رابطہ عوام مہم پر بھی غور کیا جائیگا ۔ نواز شریف کل ( منگل )گلگت جائیں گے ۔جہاں وہ گیاری کے شہدأ کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے ۔ پارٹی کے مقامی رہنما بھی انکے ساتھ ہونگے۔
Load Next Story