عوام کے سامنے خود کو بے گناہ ثابت کروں گا حامد کاظمی

پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاست کروں گا، سابق وفاقی وزیر، کراچی میں گفتگو

پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاست کروں گا، سابق وفاقی وزیر، کراچی میں گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس

سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی نے کہاہے کہ عدالت سے ضمانت پر رہا ہوا ہوں لیکن اپنی صفائی کے لیے عوام کی عدالت میں جانا ضروری سمجھتا ہوں،اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھ کر خود کو بے گناہ ثابت کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کوکراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو اور قصر ناز کراچی میں نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب،مفتی منیب الرحمن اور دیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ مجھ پر الزام لگانے والوں میںمسلم لیگ (ن )کی قیادت پیش پیش تھی مسلم لیگ (ن )کی قیادت کے سوا کسی سیاسی جماعت نے میرے خلاف الزام تراشی نہیں کی ،نواز شریف کے نوازے ہوئے ملک کے ایک سفارتکار نے سازش کے تحت مجھ پر الزام لگایا، مجھ پر قاتلانہ حملے کے بعد آئی جی اسلام آباد نے مجھے بتایا کہ آپ کی وزارت بارود کا ڈھیر ہے جہاں پر لوگ آپ کے مخالف نظریے کے حامل ہیں۔


انھوں نے کہاکہ اعظم خان سواتی عدالت میں میرے خلاف تو گئے لیکن ان کی جانب سے میرے اوپر لگائے گئے تمام الزمات جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میری وزارت کے 3 سالہ دور میں صرف 3 ٹرانزیکشن ہوئیں جسے ایف آئی اے نے کلیئر کر دیا،سعودی شہزادے کا خط میرے نام تھا ایک سازش کے تحت اس کی کاپی چیف جسٹس کو بھیجی گئی جبکہ سعودی شہزادے نے اس خط میں مجھے مخاطب کرتے ہوئے محترم وزیر لکھا تھا یہ خط عربی زبان میں تھا خط میں شکایت کی گئی تھی کہ آپ کی وزارت کی ٹیم جو یہاں بلڈنگز خرید رہی ہے وہ کرپشن کر رہی ہے آپ اس کا نوٹس لیں اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جس خط میں مجھ سے کرپشن کا نوٹس لینے کے لیے کہا جارہا ہے اس خط کی بنیاد پر میرے خلاف ایکشن لینے کا کیا جواز ہے۔

انھوں نے کہا کہ میرے خلاف بلاجواز ثبوت تلاش کیے گئے ایف آئی اے نے میری بیٹی کی شادی کا تیرہ لاکھ روپے کا بل چالان کے ساتھ لگادیا کہ یہ رقم آپ کے پاس کہاں سے آئی ؟ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پارلیمنٹ ہائوس میں کروڑوں روپے کے بل شادی اور ولیمے کے نام پر بنائے جاتے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔انھوں نے کہا کہ مجھے حکومت سے گلہ ہے کہ اس نے میری سپورٹ نہیں کی ایف آئی اے میرے خلاف کیسز بناتی رہی جبکہ ایف آئی اے وزرات داخلہ کے ماتحت ہوتی ہے سعودی عرب تعینات پاکستانی سفیر کا اپنے مذہبی امور کے وزیر پر الزام لگانا ایک سازش ہے، پاکستانی سفیر ایک اہم پاکستانی شخصیت کے نوازے ہوئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اور عدلیہ کے مابین سوئس عدالتوں کو خط لکھنے کے معاملے پر معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے ماہرین معیشت عدالتوں کا ساتھ دے کر مسلے کا حل نکالیں،تحریک انصاف میں اعظم سواتی جیسے لوگ موجود ہیں لہذا اس جماعت میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،صدر مملکت آصف زرداری اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے میری بے گناہی کی گواہی اس وقت دی جب کوئی میرے ساتھ نہیں کھڑا تھا۔ انھوں نے کہا کہ مولانا نورانی اور ستار نیازی کے اختلافات سے جماعت اہل سنت کمزور ہوئی ، ان کا کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں لہذا آئندہ سیاست میں پیپلزپارٹی کی جانب سے حصہ لوں گا۔
Load Next Story