محکمہ موسمیات نے کراچی میں مزید سردی کی پیش گوئی کردی

بارشوں اورسرد ہواوں کا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگا، محکمہ موسمیات

سرد ہواؤں کی وجہ سے کراچی کے درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو:فائل

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں اورسرد ہواوں کا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق محکمہ موسمیات نے 4 جنوری سے بارشوں اور سردی کی نئی لہر میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مغربی بارشوں کا نیا سلسلہ 4 جنوری کو ملک میں داخل ہوگا اور بارشوں اورسرد ہواؤں کا یہ سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوگا۔


چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق نئے مغربی سسٹم کی وجہ سے بلوچستان کے مختلف اضلاع اورساحلی مقامات پر بارشیں ہونے کی توقع ہے لیکن اس سلسلے کی وجہ سے کراچی میں بارشوں کے حوالے سے کہنا قبل ازوقت ہوگا، تاہم بارشوں کے بعد شہر میں سردی کی نئی لہر چل سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کی جانب سے چلنے والی سرد ہواؤں کی وجہ سے کراچی کے درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی ہوسکتی ہے، سردی کی موجودہ لہر 30 دسمبر تک برقراررہنے کا امکان ہے جب کہ یکم تا 2 جنوری شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے، اور کم سے کم درجہ حرارت بڑھ کر 15 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

 
Load Next Story