سیخ کباب بھوننے میں ماہر ’ذہین روبوٹ‘ تیار کرلیا گیا

کھانے پینے کی چیزوں کو آگ پر بھوننا روبوٹ کےلیے انتہائی مشکل کام ہے

اس روبوٹ کو ماہر کبابیہ بنانے کےلیے خصوصی تربیتی تکنیک استعمال کی گئی۔ (فوٹو: بوسٹن یونیورسٹی)

امریکی انجینئروں نے ایک ایسا روبوٹ ایجاد کرلیا ہے جو کسی ماہر کبابیے کی طرح بار بی کیو والے چولہے پر ہاٹ ڈاگ اور سیخ کباب جیسی چیزیں نہ صرف بھون سکتا ہے بلکہ انہیں بڑی خوبی سے کھانے والوں کے سامنے پیش بھی کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، بوسٹن یونیورسٹی کے انجینئروں نے سب سے پہلے اس روبوٹ کو مصنوعی ذہانت کی مدد سے، مجازی حقیقت (ورچوئل رئیلیٹی) کے ماحول میں تربیت دی۔ یوں اس نے سیکھا کہ بار بی کیو گرِل (آگ پر کھانے کی چیزیں بھوننے والی، جالی دار انگیٹھی) پر ہاٹ ڈاگز کس طرح بھونے جاسکتے ہیں؛ اور یہ کہ بار بی کیو آئٹمز تیار ہوجانے کے بعد انہیں کس طرح پیش کیا جاسکتا ہے۔

اگرچہ مختلف شعبوں میں مصنوعی ذہانت (آرٹی فیشل انٹیلی جنس/ اے آئی) کا استعمال کوئی اچھوتی بات نہیں رہی لیکن بوسٹن یونیورسٹی کے انجینئروں نے روبوٹ کو کبابیہ بنانے کےلیے کچھ منفرد اکتسابی طریقے اختیار کیے جنہیں 'ری انفورسڈ لرننگ' کہا جاتا ہے۔ ان کی بدولت یہ روبوٹ جلد ہی کسی تجربہ کار کبابیے کی طرح اپنے کام میں ماہر ہوگیا۔


https://www.youtube.com/watch?v=HvTxLfR3GsM

انجینئروں نے اس طریقے کی تفصیلات ریسرچ جرنل ''سائنس روبوٹکس'' کے تازہ شمارے میں شائع کروائی ہیں۔

واضح رہے کہ بہت سے ایسے کام جو ہمارے نزدیک بہت معمولی نوعیت کے ہیں، روبوٹس کےلیے وہی کام کرنا بعض اوقات بہت مشکل ثابت ہوتا ہے۔ بار بی کیو بھی ایسے ہی کاموں میں شامل ہے جہاں انسانی مہارت کو کچھ خاص نہیں سمجھا جاتا لیکن جب یہی کام کسی روبوٹ سے لیا جاتا ہے تو اس میں انتہائی پیچیدہ کمپیوٹر پروگرامنگ اور مصنوعی ذہانت کی شدید ضرور پڑتی ہے۔
Load Next Story