محرم الحرام کا آج آغاز ہوگا شہر بھر میں مجالس عزا ہونگی

نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے مولانا شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے

10محرم کو صبح مجلس کے بعد علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس برآمد ہوگا۔ فوٹو: اے پی پی

محرم الحرام کی آمد کے ساتھ ہی آج(بدھ کو) شہر بھر میں مجالس عزا منعقد ہوں گی۔

مرکزی مجلس نشترپارک میں شام 4 بجے منعقد ہوگی جس سے ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، نشتر پارک میں مرکزی مجلس یکم سے 8 محرم الحرام تک شام 4 بجے جبکہ9 محرم الحرام کو صبح 10 بجے اور یوم عاشورہ کے دن صبح 8 بجے منعقد ہوگی، 8،9،10 کو نشترپارک سے جلوس برآمد ہوں گے، 10 محرم الحرام کو صبح مرکزی مجلس کے بعد علم و ذوالجناح کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، تبت سینٹر، ڈینسوہال، لائٹ ہائوس سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوگا۔




علامہ طالب جوہری محفل شہدائے کربلا انچولی ، علامہ حسن ظفرنقوی آئی آرسی فیڈرل بی ایریا، مولانا سید محمد نقوی محفل مرتضیٰ پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، خطیب اہلبیت مولانا علی انور جعفری مسجد و امام بارگاہ محمدی ڈیرہ ملیر، علامہ جعفر رضا نقوی مسجد و امام بارگاہ گرین ٹائون، علامہ علی عباس سرسولی جامع مسجد حیدری اورنگی ٹائون، خطیب اہلبیت مولانا قرۃ العین عابدی منتی امام بارگاہ ملیر اور مولانا صادق رضا تقوی امام بارگاہ شاہ فیصل کالونی میں عشرہ محرم الحرام کی مجالس سے خطاب کریں گے۔

انجمن ذوالفقار حیدری کے نیسم عابدی(مرحوم) کی رہائش گاہ'' قصر زینب'' انچولی سوسائٹی میں خواتین کی عشرہ مجالس یکم محرم سے روزانہ دوپہر2بجے ہونگی، 9محرم کو بعد ختم مجلس انجمن خواتین ذولفقار حیدری نوحہ خوانی کرے گی، دریں اثناء شیعہ علمء کونسل کراچی کے صدر مولانا جعفر سبحانی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے، شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور عزاداران کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
Load Next Story