عالمی برادری بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کا نوٹس لے وزیر خارجہ

مودی سرکار جمہوری قدروں کو پامال کر رہی ہے اور بھارت کو اندر سے نقصان پہنچ رہا ہے، شاہ محمودقریشی

مودی سرکار جمہوری قدروں کو پامال کر رہی ہے اور بھارت کونقصان اندر سے پہنچ رہا ہے، شاہ محمودقریشی فوٹو:فائل

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے عالمی برادری سے بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر خارجہ نے ہندوستان میں امن وامان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یو پی ہندوستان میں علماء کے ساتھ ناروا سلوک پر ہر شخص کی آنکھیں نم ہیں، پولیس پریانکا گاندھی کا گلہ دبانے کی کوشش کرے توعام آدمی کے ساتھ رویہ کیا ہوگا، یہ کیفیت پورے ہندوستان میں پھیلتی جا رہی ہے لیکن مودی سرکارٹس سے مس نہیں ہورہی، اب یہ لڑائی کسی ایک مذہب،خطے اور زبان تک محدود نہیں رہی بلکہ پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے۔


شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ہندوستان اس وقت دو نظریات میں مکمل طور پر تقسیم ہو چکا ہے، عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے کیونکہ بھارت میں اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں، خدشہ ہے کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے کشمیر میں کوئی نیا ناٹک رچا سکتا ہے، ایک طبقے نے کہنا شروع کر دیا کہ ہندوستان کے اندر جوہو رہا ہے اس کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کونقصان اندر سے پہنچ رہا ہے وہ جمہوری قدروں کو پامال کر رہا ہے، مظلوم کشمیریوں کی آواز اللہ نے سنی ہے،کشمیریوں کے حوصلے بلند ہونے چاہئیں، آج دنیا کی آنکھ کھل رہی ہے، قائد اعظم کے دو قومی نظریے کی صداقت کو سب تسلیم کر رہے ہیں، وہ کشمیری طبقہ جو پہلے بھارت کا حامی تھا اب اس سرکار کے خلاف سراپا احتجاج ہے، آنکھ نہیں کھل رہی تو ان کی نہیں کھل رہی جن کے مفادات ہندوستان کے ساتھ وابستہ ہیں۔
Load Next Story