کراچی آپریشن کا دوسرا مرحلہ جاری ہے تیسرا بہت سخت ہوگا چوہدری نثارعلی

کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ایم کیوایم اس سارے عمل سے الگ ہوجائے یہ لوگ نہ ہمارے خیرخواہ ہیں نہ ہی ملک کے، وزیر داخلہ

کراچی آپریشن 3 مراحل میں مکمل ہوگا اس وقت دوسرا مرحلے جاری ہے جس میں اب تک 9ہزار سے زائد افراد گرفتار ہوچکے ہیں،چوہدری نثار۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی میں قیام امن کے لئے جاری آپریشن کا دوسرا مرحلہ جاری ہے تیسرا بہت سخت ہوگا۔


سینیٹ کے اجلاس میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے، یہاں بدامنی سے پورا پاکستان متاثر ہوتا ہے، گزشتہ کئی برسوں سے اس شہر میں ٹارگٹ کلرز ، بھتہ خوروں اور دوسری مافیاؤں نے اپنے پنجے گاڑھے ہوئے ہیں ، ہمیں مل کر اس شہر میں امن و امان کو بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں آپریشن پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور یہ آپریشن 3 مراحل میں مکمل ہوگا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے دوسرا مرحلہ جاری ہے جس میں اب تک 9ہزار سے زائد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جبکہ تیسرا مرحلہ اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر قیادت کراچی میں جاری آپریشن میں خفیہ اداروں کا کرداد قابل تحسین ہے جکہ اس میں ایم کیو ایم کے کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ایم کیوایم اس سارے عمل سے الگ ہوجائے اس قسم کی باتیں کرنے والے نہ ہمارے خیرخواہ ہیں نہ ہی ملک کے۔
Load Next Story