ایٹمی پروگرام پر دوسرے ملک کی سرمایہ کاری کی خبریں بے بنیاد اور شرانگیز ہیں دفترخارجہ

پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کے لئے اس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام انتہائی مضبوط اور جامع ہے، چوہدری اعزاز

پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کسی بھی ملک کی کوئی سرمایہ کاری نہیں،دفترخارجہ۔ فوٹو اے پی پی

دفتر خارجہ کے ترجمان چوہدری اعزاز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر دوسرے ملک کی سرمایہ کاری نہیں اس قسم کی خبریں بے بنیاد اور شرانگیز ہیں۔


دفتر خارجہ کے ترجمان چوہدری اعزاز احمد کی جانب سے برطانوی نشریاتی ادارے کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ایٹمی ہتھیاروں کی حفاظت کے لئے اس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام انتہائی مضبوط ، جامع ہے اور عالمی جوہری ادارے آئی اے ای اے کے حفاظتی معیار کے مطابق ہے، اس کے علاوہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر کسی بھی ملک کا مالی تعاون شامل نہیں یہ مکمل طور پر پاکستانی ماہرین کی کاوشوں اور ملکی دولت کا نتیجہ ہے، نہ ہی ان ہتھیاروں کو کسی دوسرے ملک کے حوالے کیا جائے گا، اس طرح کی خبر بے بنیاد، شرانگیز اور فرضی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر مغربی ممالک متعدد بار تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، چند روز قبل برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام نیوز نائٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر سعودی عرب نے سرمایہ کاری کی ہے اور سعودی عرب جب چاہے پاکستان سے یہ ہتھیار حاصل کر سکتا ہے۔
Load Next Story