قاسم اکرم دنیا کا بہترین بیٹسمین بننے کیلیے پُرعزم

انڈر19 ورلڈ کپ کیلیے بھرپور تیاریاں کی ہیں، عمدہ نتائج دینا چاہیں گے، آل راؤنڈر

انڈر19 ورلڈ کپ کیلیے بھرپور تیاریاں کی ہیں، عمدہ نتائج دینا چاہیں گے، آل راؤنڈر۔ فوٹو: پی سی بی

آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی اسکواڈ میں شامل آل راؤنڈر قاسم اکرم کاکہناہے کہ میرے والد اوربھائی تو لنڈے کی دکان پرکام کرتے ہیں تاہم مجھے دنیا کا بہترین بیٹسمن بننا ہے، دنیائے کرکٹ کے 2 بہترین بیٹسمین، بابراعظم اور ویرات کوہلی، میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔

نوجوان کرکٹر قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی سی سی انڈر19کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے بھرپور تیاری کی ہے، ہیڈکوچ اعجازاحمد کی موجودگی، اسکواڈ میں شامل بیٹسمینوں کیلیے انتہائی مفید ہے، لاہور کے علاقے کوٹ خواجہ سعید سے تعلق رکھنے والے قاسم بطورآل راؤنڈر جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں عمدہ کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ وہ دورہ جنوبی افریقہ اورسری لنکا سمیت اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ 2019 میں بھی قومی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔


قاسم اکرم کے والد لنڈا بازار میں واقع ایک دکان پر پرانے کپڑوں کی فروخت کا کام کرتے ہیں، ان کے بھائی بھی والد کا ہاتھ بٹاتے ہیں، قاسم نے لاہورکی نمائندگی کرتے ہوئے پی سی بی پیپسی انڈر16دو روزہ ٹورنامنٹ 2016 کے 8 میچزمیں 373 رنز بنائے۔

اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر انہیں لاہورانڈر 19 کرکٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا جہاں آئندہ 2 سال انہوں نے انٹر ریجنل انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹس میں لاہورکی نمائندگی کی، رواں سال قومی انڈر 19 سہ روزہ ٹورنامنٹ کے 5 میچزمیں 260 رنز بنانے والے قاسم اکرم قومی انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ 2019 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے، انھوں نے پانچ میچزمیں 74 کی اوسط سے 296 رنز بنائے۔ ایونٹ میں 2 سنچریاں اسکور کرنے والے بیٹسمین کا بہترین انفرادی اسکور 131 رنز رہا تھا۔

 
Load Next Story