شہر کی ایک اورعمارت میں دراڑیں پڑنے سے مکینوں میں خوف

6 منزلہ عمارت کو مکینوں نے خالی کر دیا، عمارت جانیوالا راستہ قناعتیں لگا کر بند

جائزہ لینے کے لیے ٹیم آج عمارت کا معائنہ کرے گی، ڈی جی ایس بی سی اے۔ فوٹو: ایکسپریس

ٹمبر مارکیٹ کے قریب واقع ایک اور رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑنے سے مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جس کے باعث انھوں نے عمارت کو خالی کر دیا۔

ٹمبر مارکیٹ پرانا حاجی کیمپ کے قریب واقع6 منزلہ عمارت سومرا پیلس کی عمارت میں دراڑیں پڑنے پر مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور انھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عمارت کو خالی کر دیا جبکہ مذکورہ عمارت کو جانے والے راستے کو قناعتیں لگا عام شہریوں کے آمد و رفت کے لیے بند کر دیا، خالی کی جانے والی عمارت میں مجموعی طور پر 6 فلیٹس اور 2 گودام قائم ہیں۔

علاقہ مکینوں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں مخدوش عمارتوں کا جائزہ لے کر انھیں مسمار کرنا انتہائی ضروری ہے خدا نخواستہ اگر یہ عمارت منہدم ہوگئیں تو ان سے متصل گھروں اور دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے جس میں جانی اور مالی نقصان ہونے کا بھی خدشہ ہے۔


اس حوالے سے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ظفر احسن نے بتایا کہ مذکورہ عمارت کا جائزہ لینے کے لیے انھوں نے 5 رکنی ٹیم تشکیل دی ہے جو آج (اتوار) کو عمارت کا معائنہ کر کے فیصلہ کریگی کہ آیا عمارت رہائش کے قابل ہے یا اسے بھی مخدوش قرار دیا جائے۔

واضح ر ہے کہ 5 روز قبل اسی علاقے میں 6 منزلہ عمارت گر چکی ہے تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم مکینوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی زمین بوس ہونے والی عمارت کے ملبے میں دفن ہوگئی۔

 
Load Next Story