موہن جو دڑو کی تحریرشناسی پرعالمی کانفرنس 12 ممالک کے اسکالرکی آمد کا اعلان

تین روزہ انڈس اسکرپٹ کانفرنس میں 12 ممالک کے ماہرین اس کانفرنس میں اپنی اپنی تحقیقات پیش کریں گے

پاکستان میں انڈس اسکرپٹ کو پڑھنے کے لیے پہلی بین الاقوامی کانفرنس جمعرات 9 جنوری سے شروع ہورہی ہے (فوٹو: فائل)

موہن جو دڑو اور ہڑپہ کی تحریر یا اسکرپٹ پر ماہرین کی بین الاقوامی کانفرنس موہن جو دڑو میں 9 سے 11 جنوری تک منعقد ہوگی جس میں بارہ ممالک کے اسکالرز شرکت کریں گے۔

وزیر ثقافت، سیاحت اور آرکائیوز سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ محکمہ نوادرات سندھ اور نیشنل فنڈ فار موہن جو دڑو کی مشترکہ کاوشوں سے تین روزہ انڈس اسکرپٹ کانفرنس موہن جو دڑو لاڑکانہ میں منعقد کی جا رہی ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ وادی سندھ کی تہذیب خاص طور پر موہن جو دڑو سے ملنے والی مہروں پر نقش رسم الخط کو پڑھنے کے لیے عالمی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔

اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ موہن جو دڑو لاڑکانہ میں 9 سے 11 جنوری تک جاری رہنے والی انڈس اسکرپٹ کانفرنس میں 12 ممالک سے محققین تشریف لا رہے ہیں جو کہ وادی سندھ کی تہذیب کے قدیم ترین رسم الخط کو ڈی کوڈ کرنے کے حوالے سے کی گئی اپنی اپنی تحقیق پیش کریں گے۔

سردار علی شاہ نے بتایا کہ اس کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، جرمنی، ڈنمارک، جاپان، فرانس، اٹلی سمیت دیگر ممالک سے ریسرچ اسکالرز شرکت کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ 2017ء میں محکمے کی جانب سے منعقد کی گئی کانفرنس کا عنوان انڈس سویلائزیشن اور موہن جو دڑو تھا جس میں اس خطے کی تہذیب، آثار قدیمہ کی تاریخ اور آثارِقدیمہ کے مختلف زاویوں کے حوالے سے وسیع پیمانے پرتحقیقات پیش کی گئیں جبکہ 9 جنوری سے شروع ہونے والی انڈس اسکرپٹ کانفرنس کا فوکس فقط موہن جو دڑو کی رسم الخط کو ڈی کوڈ کرنا ہے۔


ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ محکمے کی طرف سے کی گئی یہ حقیر سی کوشش سے اگر ماہرین انڈس اسکرپٹ کو ڈی کوڈ کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ اس صدی کی سب سے بڑی خوشخبری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کام بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا مگر افسوس ہے کہ 1947ء سے 2010ء تک آرکیالوجی کا محمکہ وفاقی حکومت کے پاس رہا جنہیں موہن جو دڑو کی تہذیب سے کوئی غرض نہیں اب یہ محکمے صوبوں کے پاس ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی کوئٹیز منظور احمد کناسرو نے صحافیوں کو بتایا کہ انڈس اسکرپٹ کانفرنس کا انعقاد بہت ہی خوش آئند ہے اور کانفرنس کے پہلے دو روز میں تمام اسکالرز سر جوڑ کر بیٹھیں گے اور اپنی اپنی تحقیق سے رسم الخط کو پڑھنے کی حتی الامکان کوشش کریں گے جبکہ کانفرنس کے تیسرے دن اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں کانفرنس کی تمام کاوشوں سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کانفرنس میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے بتایا کہ کانفرنس کے آخری روز کی اختتامی تقریب میں شرکت کے خواہش مند محکمے سے رجوع کر سکتے ہیں۔
Load Next Story