پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کا اپنی ہی حکومت پر پیسے لیکر نوکریاں دینے کا الزام

پاکستان ریلوے میں ڈیڑھ لاکھ میں نوکریاں بیچی گئیں، پی ٹی آئی رکن اسمبلی سردار ریاض کا الزام 

ہم نے میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں دیں، پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب - فوٹو: فائل

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے اپنی ہی حکومت پر پیسے لے کر نوکریاں دینے کا الزام عائد کردیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا جس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ارکان نے ہنگامہ کردیا جب کہ رکن اسمبلی سردار ریاض نے اپنی ہی حکومت پر پیسے لیکر نوکریاں دینے کا الزام عائد کردیا۔

راجن پور سے پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی سردار ریاض نے الزام عائد کیا کہ پاکستان ریلوے میں راجن پور سے بھی 21 نوکریاں فروخت کی گئی، ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ میں نوکریاں بیچی گئی ، سب فراڈ ہوا ہے، اس حوالے سے مکمل فہرست بھی پیش کرسکتا ہوں۔

جس پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے جواب دیا کہ ہم نے میرٹ کی بنیاد پر نوکریاں دیں، اگر کوئی ملوث پایا گیا تو کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے الزامات کی تحقیقات اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سنگین الزمات لگائے گئے ہیں، تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر براے بحری امور نے اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کراچی کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب میرے پاس الیکشن سے پہلے ٹکٹ کیلئے آتے تھے، میرا فون نمبر وزیر بننے کے بعد بھی تبدیل نہیں ہوا، کراچی کے ارکان جب چاہیں مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

علی زیدی کے ریمارکس پر تحریک انصاف کراچی کے ایم این ایز نے احتجاج کرتے ہوئے علی زیدی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ کو آپس میں ملانے کیلئے پل کی تعمیر شروع نہ ہونے پر توجہ دلائو نوٹس میں علی زیدی نے کہا کہ پل کی تعمیر 9 ارب ڈالر کے پیکج کا حصہ ہے، چینی سرکاری کمپنی نے ایم او یو بھجوا دیا ہے۔
Load Next Story