محکمہ ٹریفک موبائل ڈرائیونگ لائسنس شروع شروع کرے گی

انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا شروع، کارڈ لائسنس کی میعاد ایک برس ہوگی،اجرا کیلیے پاسپورٹ اور ویزا لازمی قرار

کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کارڈ کے اجرا کے موقع پر پہلا کارڈ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو کو پیش کیا جارہا ہے(فوٹو ایکسپریس)

شہر قائد میں بیرون ملک جانے والے افراد کی سہولت کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا شروع کردیا گیا۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز کلفٹن میں واقع ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں تقریب ہوئی، تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک غلام قادر تھیبو نے کارڈ کے اجرا کا باقاعدہ افتتاح کیا اس موقع پر پہلا انٹرنیشنل کارڈ انھیں جاری کیا گیا، کارڈ کی میعاد ایک برس اور دنیا بھر میں قابل قبول ہے، کارڈ کے حصول کے لیے پاسپورٹ اور بیرون ملک کا ویزا ہمراہ لانا ضروری ہے، غلام قادر تھیبو نے کہا کہ پہلے کتاب کی صورت میں جاری کیے جانے والے ڈرائیونگ لائسنس کی بیرون ملک حیثیت نہیں ہوتی تھی ۔




جس کی وجہ سے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا تھا ، اب انھیں عالمی معیار کے کارڈ لائسنس کا اجرا شروع کردیا گیا ہے، انٹرنیشنل کارڈ لائسنس کا اجرا دوسرے مرحلے میں پورے صوبے میں ہوگا انھوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے رہائشی افراد کی سہولت کی خاطر شہر میں جلد ہی موبائل ڈرائیونگ لائسنس سروس شروع کی جائے گی،سروس کے ذریعے لرننگ لائسنس جاری کیے جائیں گے،غلام قادر تھیبو نے مزید کہا کہ ٹریفک ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ بنائی جائے گی جس میں لائسنس کے حصول سمیت مختلف فارمز باآسانی ڈائون لوڈ کیے جاسکیں گے جبکہ ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔
Load Next Story