آسٹریلیاکا دورئہ پاکستانکوئی وعدہ نہیں کر سکتاہائی کمشنر

مجموعی طور پرسیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہےالبتہ بعض علاقوں میں اب بھی مسائل ہیں

آسٹریلوی ہائی کمشنر ایچ ای پیٹر ہیورڈ نے چیئرمین پی سی بی ذکااشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں کوئی وعدہ یا یقین دہانی نہیں کرا سکتے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
آسٹریلوی ہائی کمشنر ایچ ای پیٹر ہیورڈ نے پاک آسٹریلیاکرکٹ میچز پاکستانی عوام کے سامنے دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میری تمنا ہے کہ کینگرو ٹیم کرکٹ کے شیدائی پاکستانی عوام کے سامنے ایکشن میں دکھائی دے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں چیئرمین پی سی بی ذکااشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ میں آسٹریلوی ٹیم کے دورئہ پاکستان کے بارے میں کوئی وعدہ یا یقین دہانی نہیں کرا سکتا، اس کا فیصلہ دونوں بورڈز ہی مل بیٹھ کر کریں گے۔

مجموعی طور پر پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر تاہم بعض حصوں میں اب بھی مسائل ہیں، تازہ ترین مثال پیر کو پشاور میں ہونے والا دھماکا ہے۔ ہیورڈ نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی پاکستان پریمیئر لیگ میں شریک ہوں لیکن اس کا فیصلہ کرکٹ بورڈ اور پلیئرزکو کرنا ہے۔ قبل ازیں آسٹریلوی ہائی کمشنرپیٹر ہیورڈ کا پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔


اس موقع پر پاکستان سمیت ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک انگلینڈ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے جھنڈے لہرائے گئے، یاد رہے کہ کسی غیر ملکی اہم شخصیت کی آمد کے موقع پر ایسا کیا جاتا ہے۔

بعد ازاں آسٹریلوی ہائی کمیشن نے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے قذافی اسٹیڈیم میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران ذکاء اشرف نے معزز مہمان کو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے منصوبوں اور پریمیئر لیگ کے حوالے سے بتایا، انھوں نے ہیورڈ سے آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان بلانے کے حوالے سے کردار ادا کرنے کی بھی درخواست کی۔

بعد میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل انتخاب عالم بھی موجود تھے۔
Load Next Story