ن لیگ کے وزرا کی کارکردگی صفر ہے جمشید دستی

دستی نے ن لیگ میں شمولیت کیلیے پورا زور لگایا، متنازع الیکشن نہیں چاہتے، طلال چوہدری

حکومت نے 8 کروڑ کے نوٹ چھاپے،بیلٹ پیپرنہیں چھاپ سکتی؟ مراد سعید کل تک میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ ن لیگ کے وزرا کی کارکردگی صفر ہے، حکومت اپنی ذمے داریاں صحیح طرح سے نہیں نمٹا رہی یہ حقیقت ہے کہ اس وقت الیکشن کا ٹائم نہیں بنتا لیکن پھر بھی ان کوعدالتی راستہ اختیارکرنا چاہیے تھا۔

جمشید دستی نے ایکسپریس نیوزکے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند بڑے نام نہیں چاہتے کہ نئے لوگ آئیں۔ بلدیاتی انتخابات میں حلقہ بندیاں بھی انھوں نے اپنی مرضی کی کی ہیں اور یہیں سے ان کی بدنیتی ظاہر ہوتی ہے۔ چوہدری نثار کے ساتھ ان کی پارٹی نے بہت بڑا دھوکا کیا ہے ڈرون حملہ حکومت کے علم میں تھا ان کی پارٹی نے ان کو فیل کرنے کیلیے یہ سب کچھ کرایا ہے۔ن لیگ کے ایم این اے ایم پی اے میرے سامنے آکر روتے ہیں مہنگائی کا رونا روتے ہیں اور میاں صاحب ان کو ٹائم ہی نہیں دے رہے۔ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی متنازع انتخابات کرائے جائیں۔




بلدیاتی الیکشن کرانا صوبے کا کام ہے اگر پہلے الیکشن نہیں ہوئے تو بہت برا ہوا ہے بلدیاتی الیکشن ہونے چاہئیں۔ پی ٹی آئی ''لگان '' فلم میں تو کامیاب ہو سکتی ہے لیکن حقیقت میں نہیں۔ ن لیگ ٹھیک نہیں ہے لیکن جمشید دستی نے اس پارٹی میں شمولیت کیلیے پورا زور لگایا تھا۔ تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات میں عوام کو اختیارات نہیں دے رہی ہم خیبر پختونخوا میں عوام کو نیا بلدیاتی نظام دے رہے ہیں۔ حکومت نے 8 کروڑ کے نوٹ چھاپے ہیں تو کیا بیلٹ پیپر نہیں چھاپ سکتی۔ ہم شفاف اور منصفانہ انتخابات چاہتے ہیں۔ ن لیگ تو اپنے رشتے داروں سے ہی باہر نہیں نکل رہی۔
Load Next Story