بھارت کشمیری سیاسی رہنماؤں کو رہا کرے امریکا

کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی سمیت بعض اقدامات کو سراہتے ہیں، ایلس ویلز

کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی سمیت بعض اقدامات کو سراہتے ہیں، ایلس ویلز

امریکہ کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے زور دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں بھارت کا دورہ کرنے والی امریکہ کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی رہنماؤں کو رہا کرے جنہیں بغیر کسی الزام کے حراست میں رکھا ہوا ہے۔


ایلس ویلز نے غیر ملکی سفارت کاروں کے حالیہ دورہ کشمیر کو مفید اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت ہمارے سفارت کاروں کو کشمیر تک مسلسل رسائی دے۔ ایلس ویلز نے کشمیر میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی سمیت بعض اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا۔

ایلس ویلز نے بھارت میں متنازع شہریت قانون کے بارے میں کہا کہ میں نے دورہ بھارت کے دوران شہریت قانون سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا، بھارت میں سڑکوں پر سیاسی اپوزیشن اور میڈیا سمیت عدالتوں کی جانب سے بھی اس قانون کا کڑا جمہوری جائزہ لیا جارہا ہے، امریکا اس قانون کے تحت سب کو مساوی تحفظ دینے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔

واضح رہے کہ مودی حکومت نے گزشتہ سال 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرکے جموں و کشمیر کا غیر قانونی الحاق کرلیا تھا۔ حال ہی میں غیر ملکی سفارت کاروں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلیے دورہ کیا تھا جسے حریت رہنماؤں نے مسترد کردیا تھا۔
Load Next Story