مسلمان مسافروں سے امتیازی سلوک پر امریکی ایئر لائن پر بھاری جرمانہ

ایئرلائن کے عملے نے دو علیحدہ واقعات میں 3 مسلمان مسافروں کو ان کے حلیے اور انداز کی وجہ سے طیارے سے اتار دیا تھا

عملے نے ایک پرواز سے مسلم جوڑے اور دوسری پرواز سے ایک مسلمان مسافر کو طیارے سے اتارا، فوٹو : امریکی میڈیا

LONDON:
امریکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز پر مسلمان مسافروں کو طیارے سے اتارنے اور امتيازی سلوک روا رکھنے پر 50 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ نقل و حمل نے ملکی فضائی کمپنی ڈیلٹا ایئرلائنز کیخلاف دو شکایتوں پر مجموعی طور پر 50 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر دیا ہے، یہ جرمانہ 26 جولائی 2016 کو پرواز 229 کے دوران مسلم جوڑے اور 31 جولائی 2016 کی پرواز 49 میں ایک مسلم مسافر کے ساتھ عقیدے کو بنیاد بنا کر امتیازی سلوک رکھنے اور طیارے سے اتارنے پر عائد کیا گیا۔

پرواز 229 کے دوران طیارے کے ایک غیر مسلم مسافر نے مسلمان جوڑے کی موجودگی پر خوف محسوس ہونے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ مرد مسافر نے اپنی ٹوپی کے اندر کچھ چھپایا ہے جب کہ ایک ایئرہوسٹس نے الزام عائد کیا تھا کہ مسلم مسافر نے اپنے موبائل پر لفظ اللہ ٹائپ کیا تھا۔ پائلٹ نے کمپنی کے سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ سے رجوع کیا جس نے مسلم جوڑے کو جانے کی اجازت دی تاہم طیارے کے عملے نے مسلم جوڑے کو بیدخل کردیا تھا۔


اسی طرح پرواز 49 میں بھی ایک مسلمان مسافر کے حلیے اور انداز پر دیگر مسافروں نے اعتراض کرتے ہوئے عملے سے مسلم مسافر کو طیارے سے باہر نکالنے پر دباؤ ڈالا تھا جس پر مسلمان مسافر کو طیارے سے اتار دیا گیا تھا۔ امریکی ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن نے موقف اختیار کیا کہ دونوں واقعات میں کمپنی کے محکمہ سیکیورٹی نے مسافروں کو کلیئر قرار دیا تھا اس کے باوجود انہیں طیارے سے اتارنا امتیازی سلوک کے ذمرے میں آتا ہے۔

ڈيلٹا ايئر لائنز نے عقیدے کی بنیاد پر مسافروں سے امتیازی سلوک روا رکھنے کے الزام کو مسترد کردیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ ان واقعات کے بعد ایئرلائن نے اپنے قواعد و ضوابط میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں جس سے ایسے واقعات دوبارہ نہ ہونے کے امکانات ختم ہوجائیں گے۔

 
Load Next Story