سعودی حکومت کیخلاف احتجاج کرنےوالے تارکین وطن کی پولیس سے جھڑپیں 3 افراد ہلاک
سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، حکومتی پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی پولیس سے جھڑپوں میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
سعودی عرب میں غیرقانونی طور پرمقیم لاکھوں افراد کوملک سے نکالنےکا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی حکام کے مطابق حالیہ سرچ آپریشن میں 17 ہزار غیرملکیوں نے رضاکارانہ طورپرخودکو پولیس کے حوالے کیا ہے جب کہ اس دوران کئی افراد نے مزاحمت بھی کی اورپولیس سے جھڑپوں میں 3 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے نئے نافذ کردہ سخت قوانین کے تحت اب تک 54 ہزار پاکستانیوں کوبھی سعودی عرب سے نکالا جاچکا ہے جب کہ ہزاروں پاکستانی مزدورں کونئے قوانین کی خلاف ورزی پر قید اورجرمانے کی سزاؤں کا بھی سامنا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے 28 ملین باشدوں میں 9 ملین آبادی غیر ملکیوں پر مشتمل ہے۔ ان تارکین وطن میں ایک معقول تعداد ایسے غیر ملکیوں کی ہے جو غیر قانونی طور پر موجود ہیں۔ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کے دوران سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے اب تک ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔