حکومت میں رہنے کا کوئی شوق نہیں خیبر پختونخوا میں اپوزیشن میں بیٹھیں گے قومی وطن پارٹی

تحریک انصاف میرٹ کی بات توکرتی ہےلیکن جہاں ان کا اپنامفاد ہووہاں اس کی دھجیاں اڑانےمیں کوئی کسرنہیں چھوڑتے،سکندرشیرپاؤ

ہمارے پاس ایسے کئی خطوط موجود ہیں جن میں تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے منظور نظر افراد کو نوازنے کی فرمائش کی، سکندر شیر پاؤ. فوٹو: فائل

قومی وطن پارٹی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر سکندر شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ہم پر کرپشن کے الزام لگانے والے ثبوت سامنے لائیں حالانکہ تحریک انصاف نے ہر معاملے پر ہمیں نظر انداز کیا لہٰذا ہمیں بھی حکومت کا حصہ بننے کا کوئی شوق نہیں اور اب ہم اپوزشن میں بیٹھیں گے۔


پشاور میں پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سکندر شیر پاؤ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کرپشن کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے ایجنڈے پر حکومت میں آنے والی تحریک انصاف نے اس سلسلے میں کوئی کام نہیں کیا اور اب اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری دوسروں پرڈالنا چاہتی ہے، یہ لوگ میرٹ کی بات تو کرتے ہیں لیکن ان دوسروں کے لئے ، جہاں ان کا اپنا مفاد ہوگا وہاں وہ میرٹ کی دھجیاں اڑانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے، ہم نے صوبے میں تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کیا اور حکومت کا حصہ بنے لیکن ہمیں ہر جگہ نظر انداز کیا گیا، ہم نے کرپشن کے خاتمے کے لئے قاون سازی اور صوبائی سطح پر اے پی سی بلانے کی تجویز دی ، ہم نے امن و امان کی صورت حال پر اپنی تشویش سے حکومت کو آگاہ کیا لیکن ان کی جانب سے صرف یقین دہانیاں ہی کرائی گئیں، صوبائی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کا نشانہ بننے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور عام شہریوں کی دلجوئی کے لئے ان کے جنازوں تک میں شرکت نہیں کی گئی جس پر ہمیں شدید اعتراض تھے۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ تحریک انصاف اب لوگوں کے آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے، وہ مرکز سے محاذ آرائی اور ڈیڈ لائن کی سیاست کررہی ہے ، ہم نے انہیں کئی مرتبہ اس قسم کی سیاست سے باز رہنے کا مشورہ دیا کیونکہ اس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے، تحریک انصاف نے ایسے فیصلے کئے جن پر انہیں اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل نہیں تھی اور بعد میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، ہم پر میرٹ کو پامال کرنے اور کرپشن کے الزامات لگائے جاتے ہیں حالانکہ صورت حال یہ ہے کہ ان کے پاس ایسے کئی خطوط موجود ہیں جن میں تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے منظور نظر افراد کو نوازنے کی فرمائش کی۔ ان کہنا تھا کہ قومی وطن پارٹی کسی صورت کرپشن کو برداشت نہ کرنے کی پالسی پر عمل پیرا ہے اس سلسلے میں ہم نے صوبائی حکومت کو کئی مرتبہ کہا کہ کرپشن کا کوئی ثبوت ہو تو وہ پیش کریں پارٹی قیادت خود ان کے خلاف کارروائی کرے گی لیکن انہوں نے ایسا نہ کیا، وہ اب بھی یہ کہتے ہیں کہ اگر خیبر پختونخوا حکومت کے پاس ان کے خلاف کرپشن کے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ہم ہر طرح کی سزا بھگتنے کے لئے تیار ہیں۔
Load Next Story