پیپلز پارٹی سے ورکنگ ریلیشن شپ قائم کی جاسکتی ہے کنورنوید جمیل

وزیر اعظم عمران خان نے ہمارے مطالبات پر اب تک عمل درآمد نہیں کیا، رہنما ایم کیو ایم

کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل کرنا پیپلزپارٹی کی ذمہ داری ہے، کنور نوید جمیل فوٹو: فائل

ایم کیوایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ اپوزیشن میں رہ کر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کی جاسکتی ہے۔

کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہم سے بہادرآباد اور بنی گالہ میں دو معاہدے کیے لیکن انہوں نے ہمارے مطالبات پر اب تک عمل درآمد نہیں کیا، وزیر اعظم عمران خان نے ہمیں 4 ماہ قبل خود ایک اور وزارت دینے کا کہا تھا، ہم نے وزارت لینے پر عدم دلچسپی کا اظہار کیا تھا، جب تک کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ہمارا وزارت لینے کا کوئی فائدہ نہیں۔ پاکستانیوں کے لیے پریشانی کی وجہ صرف بڑھتی مہنگائی ہے، غریب آدمی کے ریلیف کے لیے حکومت اقدامات کرے۔


رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل کرنا پیپلزپارٹی کی ذمہ داری ہے جسے پورا نہیں کیا جارہا، پیپلز پارٹی کراچی سے 85 فیصد ریوینیو وصول کرتی ہے، انہیں چاہیے کہ وہ مسائل حل کریں، پیپلزپارٹی کے ساتھ اپوزیشن میں رہ کر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کی جاسکتی ہے۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان دھڑے بندی کا شکار نہ پہلے تھی اور نہ اب ہے، ایم کیو ایم کے خلاف بات کرنے کو کچھ نہیں ہوتا تو یہی بات کرتے ہیں کہ گروپ بندی کا شکار ہوگئی۔
Load Next Story