نواب شاہ سکرنڈ جیل سے 7 خطرناک قیدیوں کی فرار ہونے کی کوشش ناکام

2 اہلکار زخمی، ساتوں قیدیوں کو نارا جیل منتقل کردیا گیا، واقعے کے بعد جیل میں سرچ آپریشن، موبائل فونز اور اسلحہ برآمد

زخمی اہلکاروں کے شور کرنے پر سیکیورٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے قیدیوں کو فرار ہوتے ہوئے پکڑلیا ۔ فوٹو: فائل

سکرنڈ میں جیل سے 7 خطرناک قدیوں کی فرار ہونے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی، پکڑے گئے قیدیوں کو نارا جیل منتقل کردیا گیا، جیل کی سیکیورٹی بڑھادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب سکرنڈ جیل میں 7 خطرناک قیدیوں نے جیل میں ڈیوٹی پر موجود 2 اہلکاروں کو زخمی کرکے فرار ہونے کی کوشش کی مگر زخمی اہلکاروں کے شور کرنے پر سیکیورٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے قیدیوں کو فرار ہوتے ہوئے پکڑلیا اور انھیں فوری طور پر نارا جیل حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فرار ہونے کی کوشش کرنے والوں میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل علی شیر سولنگی کے قتل کیس میں نامزد مختار رند، اقبال رند، شرف الدین رند، فراڈ کیس میں ملوث سعید پٹھان، منشیات کیس کے اکبر بلیدی، چوری کیس کی مرتضیٰ جاگیرانی اور ایک نامعلوم قیدی شامل تھے۔




ذرائع کے مطابق قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعے کے بعد سکرنڈ جیل کی سیکیورٹی انتہائی سخت کرکے بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے،واقعے کے فوری بعد جیل عملے نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کرکے قیدیوں کے بیرکوں سے 2 موبائل فون، ایک پستول، 23 گولیاں اور منشیات برآمد کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سکرنڈ سب جیل سے خطرناک قیدیوں کے فرار ہونے کی کوشش کے واقعے کو جیل انتظامیہ چھپانے کی کوشش کررہی ہے اور واقعے کے متعلق بات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
Load Next Story