پاکستان نے کورونا وائرس سے بچانے والی مصنوعات کی برآمد پر پابندی لگادی

جن مصنوعات کی برآمد پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں ماسک، گوگل یا فیس شیلڈ، ڈسپوزایبل گلوزاور گاؤنز شامل ہیں

ضرورت پڑنے پر صرف چین کو ہی برآمدات ہوسکتی ہیں، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی فوٹو: فائل

پاکستان نے کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے والی مصنوعات کی برآمد پر پابندی عائد کردی۔

پاکستان نے کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر اس وائرس سے محفوظ رکھنے والی مصنوعات کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے۔ ان مصنوعات میں وائرس سے محفوظ رکھنے کے آلات، ماسک، گوگل یا فیس شیلڈ، ڈسپوزایبل گلوز اور گاؤنز شامل ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹری آف پاکستان کی جانب سے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر کے چیف ڈرگ انسپکٹرز، وفاقی وزارت صحت، ڈی جی فارمیسی سمیت متعلقہ نمائندہ تنظیموں کو خط جاری کردیا ہے۔ جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ کار میں آنے والے درآمد و برآمد کنندگان اور ڈسٹری بیوٹرز سے ان کے پاس دستیاب مزکورہ پروڈکٹس کی اسٹاک کی صورتحال سمیت دیگر تفصیلات حاصل کرکے اتھارٹی کو فوری طور پر ارسال کریں۔


ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنے خط میں تمام بڑے شہروں کے ایڈیشنل ڈائریکٹر (ڈریپ) کو اپنے ڈرگ انسپکٹرز کو احکامات کی پابندی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ خط میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ امپورٹرز و ایکسپورٹرز کو حفاظتی آلات برآمد کرنے کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے برآمد کنندگان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اختر عباس نے ایکسپریس کو بتایا کہ یہ اقدام ممکنہ وائرس کے پھیلاؤ سے پاکستانی شہریوں کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی کو یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ پاکستان سے کھیپ کے ذریعے بڑے پیمانے پر کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے والی پروڈکٹس کی بیرون ترسیل کی جارہی ہے۔ چین پاکستان کا اہم اور دیرینہ دوست ملک ہے جہاں ضرورت پڑنے پر صرف دونوں ممالک کی حکومتی سطح پر مزکورہ مصنوعات کی برآمدات ہوسکتی ہیں۔
Load Next Story