توہین عدالت نوٹس پر فرد جرم کے خلاف سیکریٹری دفاع آصف یاسین کی انٹرا کورٹ اپیل خارج

مدعی کے پاس موقع ہے کہ وہ پیش کئے گئے دلائل اور دستاویزات ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش کریں، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ

سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تاریخ پرعملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا فوٹو: فائل

KARACHI:
سپریم کورٹ نے سیکریٹری دفاع آصف یاسین کے خلاف توہین عدالت نوٹس پر فرد جرم کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل خارج کردی ہے۔


جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ آصف یاسین ملک اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا تاہم وقفے کے بعد عدالت عظمیٰ نے اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کے دوران مدعی کی جانب سے جو دلائل اور دستاویزات پیش کئے گئے وہ ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں کئے گئے اس لئے ان کے پاس موقع ہے کہ وہ یہ دلائل اور دستاویزات ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش کریں ۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تاریخ پرعملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا جس پر انہوں نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی تھی تاہم عدالت عظمیٰ نے ان پر فرد جرم عائد کردی تھی جس کی سماعت رواں ہفتے ہی ہوگی۔
Load Next Story