سانحہ راولپنڈی حکومت دلاسہ دینے کے بجائے ذمہ داروں کو بے نقاب کرے مولانا سمیع الحق

سانحہ راولپنڈی کسی قیامت سے کم نہیں اس حادثہ نے دفاع پاکستان میں شگاف ڈال دیا، سربراہ جے یو آئی (س)

جو عدالتی نظام پرویز مشرف جیسے قومی مجرم کو سزا نہیں دے سکا تو خفیہ سازش کرنے والوں کو کیسے بے نقاب کر سکے گی،مولانا سمیع الحق۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا ہے کہ سانحہ راولپنڈی کے دوران جان بوجھ کر مسجد کو نشانہ بنا کر تنازعہ پیدا کیا گیا، حکومت دلاسے دینے کے بجائے ذمہ داروں اور سازش کرنے والوں کو بے نقاب کرے۔


اسلام آباد میں پریس کانفرسن کے دوران جے یو آئی (س) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی حالت جنگ میں ہے ایک جانب ڈرون حملے ہو رہے ہیں دوسری جانب ملک کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں، پاکستان مذاکرات کی کوشش کر رہا تھا کہ ڈرون حملے میں حکیم اللہ محسود کو ہلاک کرکے ہمیں پھر جنگ میں دھکیل دیا گیا، ہمارا مقصد سازشوں سے ملک کو بچاناہے، سانحہ راولپنڈی ضمنی ڈرون حملہ ہے جس نے ملک کواندرونی خلفشار میں مبتلا کردیا اگر ہم نے صبر سے کام نہ لیا تو پھر خود ہی دشمنوں کی سازش اور مقصد کو پورا کر دیں گے۔

مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی کسی قیامت سے کم نہیں، اس حادثہ نے دفاع پاکستان میں شگاف ڈال دیا، یہ آگ فرقہ واریت نہیں تھی اگر یہ پھیلتی تو سارا ملک اس کی لپیٹ میں آ جاتا، جان بوجھ کر مسجد کو نشانہ بنا کر تنازعہ پیدا کیا گیا، ملک بھر میں ہمارے 25 ہزار مدارس ہیں لیکن سب نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی واقعے پر حکومت سنجیدہ نہیں، شہباز شریف نے ہمیں واقعے کی عدالتی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن جو عدالتی نظام پرویز مشرف جیسے قومی مجرم کو سزا نہیں دے سکا تو خفیہ سازش کرنے والوں کو کیسے بے نقاب کر سکے گی،حکومت دلاسہ دینے کے بجائے ذمہ داروں اور سازش کرنے والوں کو بے نقاب کرے۔
Load Next Story