میری ٹائم کے بحری جہاز پر طویل و عریض کشمیری پرچم لہرایا گیا

یوم کشمیر کے موقع پر بحری جہاز ’’پی ایم ایس ایس کشمیر‘‘ پر تقریب، قومی ترانہ پڑھا گیا

مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر کیخلاف ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی . فوٹو : فائل

یوم کشمیر پر بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور میری ٹائم کے بحری جہازپی ایم ایس ایس کشمیر پرطویل و عریض کشمیری پرچم لہرایا گیا۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے بحری بیڑے میں شامل کشمیر کے نام سے منسوب بحری جہاز پربحیرہ عرب کے گہرے سمندر میں اپنی نوعیت کی منفرد تقریب منعقد کی گئی جس کے دوران قومی ترانہ پڑھا گیا جب کہ میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے افسران وجوانوں نے پاکستان اورکشمیر زندہ باد کے نعرے لگائے۔


بحری جہاز پر ہونے والی خصوصی تقریب کے دوران قومی ترانہ پڑھا گیا جب کہ مظلوم کشمیریوں پر بھارتی ظلم و جبر کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران بحری جہاز کشمیر کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن ارسلان خان کا کہناتھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادپر اگر عمل درآمد ہوجاتا تو آج کشمیر آزاد ہوتا، بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر چل رہا ہے، کشمیر میں تعینات 90 ہزار بھارتی فوج میں 5 ہزار اسنائپرز بھی شامل ہیں۔

کیپٹن ارسلان خان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے غلط فیصلوں کی وجہ سے نسلی جنگ کو ہوا دے رہا ہے، اگر بھارت نے جارحیت کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بحری جہاز کا نام کشمیر رکھنا بذات خود کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔
Load Next Story