ترقیاتی اخراجات محض 27 فیصد تک ہی محدود

حکومت مالی سال کے اختتام تک فنڈز کو استعمال کرنا چاہتی ہے،وفاقی وزیر اسد عمر

حکومت نے ترقیاتی اسکیموں کیلیے 701 ارب رکھے،استعمال صرف 188 ارب ہی ہوسکے. فوٹو: فائل

رواں مالی سال کے اب تک سات ماہ گزر چکے ہیں مگر حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں کے لیے مختص کردہ سالانہ فنڈز میں سے اب تک محض 188 ارب روپے ہی خرچ ہوئے ہیں جو مختص کردہ رقم کا 27 فیصد بنتا ہے، تاہم حکومت پرعزم ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک وہ مختص کردہ تمام رقم کو ترقیاتی کاموں پر خرچ کرنے میں کامیاب رہے گی تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو اس بارے میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ مالی سال کے دوران ترقیاتی فنڈز کی مد میں رکھے گئے 701 ارب روپے خرچ کرے گی جبکہ ادارہ بھی اس بات میں دلچسپی رکھتا ہے کہ حکومت پاکستان اپنا ترقیاتی بجٹ پوری طرح استعمال کرسکے۔


جمعے کو ایک پریس کانفرنس میں وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا کہ حکومت نے مالی سال کے پہلے 7ماہ کے دوران اب تک 188 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے ہیں جو مختص کیے گئے 701 ارب روپے کا 27 فیصد بنتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 7ماہ کے مقابلے میں یہ 49 ارب روپے یعنی 35 فیصد زائد ہے جو حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اس ترقیاتی بجٹ کو پوری طرح استعمال کرنا چاہتی ہے۔

اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ کے ایک وفد نے اسد عمر سے ملاقات کی اور ان سے ترقیاتی اسکیموں و دیگر پروگراموں کی فنڈنگ کے حوالے سے بات چیت کی۔ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سال میں ترقیاتی اخراجات کی مد میں صرف 562 ارب روپے خرچ ہوئے تھے جو گزشتہ چار برسوں کے دوران کم ترین تھا۔

 
Load Next Story