کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک 10 ملزمان گرفتار

پولیس نے محمود آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 2 لڑکیوں کے اغوا میں ملوث 4 ملزمان سمیت 10 افرادکوگرفتارکرلیا

کراچی میں گزشتہ روز بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکارجاں بحق اورایک زخمی ہوگیا تھا، فائل : فوٹو

شہر میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید 3 افراد کو موت کی نیند سلادیاگیا جب کہ پولیس نے اپنی چھاپہ مار کارروائیوں میں 10 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں رینجرزاورپولیس کے ٹارگٹڈآپریشن کے باوجود کلرزدندناتے پھررہے ہیں۔ سہراب گوٹھ کے علاقے میں سپرہائی وے افغان کیمپ میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ ادھر کورنگی انڈسٹریل ایریا اور ڈالمیا شانتی نگر میں بھی فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیاگیا۔ بلدیہ ٹاؤن 8 نمبر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 2 نوجوان زخمی ہوگئے۔ ایک طرف قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں تو دوسری جانب دہشتگردوں نے بھی پولیس اور رینجرز پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔


پولیس نے محمود آباد کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 2 لڑکیوں کے اغوا میں ملوث 4 ملزمان سمیت 10 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کرلئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ناظم آباد کے علاقے میں ٹارگٹ کلرز نے پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے 2 اہلکاروں کو شہیداور ایک کو شدید زخمی کردیا تھا۔تاحال شہید پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث کسی بھی دہشت گرد کو گرفتار نہیں کیاجاسکا ہے اور نہ ہی تفتیش میں کوئی خاطرخواہ پیش رفت ہوسکی۔
Load Next Story