عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متعلق نئے خطرے سے خبردار کردیا

ایسے مریضوں میں وائرس کی موجودگی جو کبھی چین نہیں گئے ایک بڑے مسئلے کے ابتدائی آثار ہیں، عالمی ادارہ صحت

گزشتہ روز 97 مریض ہلاک ہوئے اور 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے، فوٹو : فائل

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کبھی چین نہ جانے والے افراد کا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونا ایک بڑے خطرے کے ابتدا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ایک دن میں 3 ہزار نئے مریضوں میں کورونا وائرس کی موجودگی کے انکشاف کے بعد مجموعی تعداد 40 ہزار ہوگئی ہے جب کہ گزشتہ ایک روز میں مزید 97 مریضوں کی ہلاکت کے بعد کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 908 ہوگئی ہے۔


اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ مختلف ممالک میں ایسے افراد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو کبھی چین نہیں گئے، یہ بہت بڑے خطرے کے محض ابتدائی آثار ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے اس صورت حال کو 'ٹِپ آف دا آئس برگ' سے تشبیہ دی ہے اور صورت حال کی نگرانی کے لیے اپنے ایک وفد کو چین بھی بھیجا ہے۔

واضح رہے کہ چینی شہر ووہان سے سر اُٹھانے والے کورونا وائرس کا علاج تاحال دریافت نہیں ہوسکا ہے اور اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر پریشان کن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود یہ وائرس چین کی سرحدوں سے نکل کر 2 درجن سے زائد ممالک میں داخل ہوچکا ہے۔

 
Load Next Story