بھارت کی پاکستانی زائرین کیلئے اجمیر شریف تک اسپیشل ٹرین چلانے کی تجویز

خواجہ معین الدین چشتی کا عرس 24 فروری سے شروع ہوگا جس میں پاکستان سے سینکڑوں زائرین کی شرکت متوقع ہے

بھارتی حکومت کی طرف سے یہ تجویز کرتارپورراہداری تک رسائی دینے کے پاکستانی اقدام کے جواب کے طورپردی گئی ہے فوٹوفائل

بھارت میں حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس میں شرکت کے لیے بھارت جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے بھارت نے اٹاری بارڈر سے اجمیر شریف تک اسپیشل ٹرین چلانے کی تجویز پاکستانی وزارت خارجہ کوبھیجی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق بھارت نے اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس کے لئے جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے ٹرین سروس شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔ گزشتہ سال اگست میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد سے پاکستان اوربھارت کے مابین ٹرین اوربس سروس معطل ہے۔

لاہورسے دہلی کے مابین چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس اوردوستی بس سروس، لاہورسے امرتسر کے مابین چلنے والی دوستی بس سروس اور کھوکھراپارسے موناباؤ کے مابین چلنے والی تھر ایکسپریس بند تھیں۔


بھارتی ذرائع کے مطابق بھارتی حکومت کی طرف سے یہ تجویز کرتارپور راہداری کے راستے بھارتی شہریوں کو ان کے مقدس مقام کرتارپور صاحب تک رسائی دینے کے جواب کے طورپردی گئی ہے تاکہ پاکستان سے مسلمان زائرین آسانی سے اجمیرشریف تک جاسکیں۔ اس حوالے سے پاکستانی دفترخارجہ کی طرف سے ایسی کسی بھارتی تجویز سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ خواجہ معین الدین چشتی کا 9 روزہ 808 واں عرس 24 فروری سے شروع ہوگا اور 5 مارچ تک جاری رہے گا جس میں پاکستان سے سینکڑوں زائرین کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستانی زائرین کو سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے پہلے لاہورسے دہلی اورپھر وہاں سے اجمیرشریف جاناپڑتا ہے، ٹرین سروس بند ہونے کے بعد پاکستانی زائرین اوربھارتی یاتری واہگہ بارڈرکے راستے پیدل آتے جاتے ہیں۔
Load Next Story