کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق

محمدپورچوکی پر ایک امام بارگاہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں ہلاک ہونیوالوں ميں 2 پولیس اہلکار اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

کراچی میں فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں اور 2 خواتین سمیت 7 افرادجاں بحق ہوگئے،جب کہ پیر آبادکےعلاقے میں امام بارگاہ کے قریب ملزمان مشکوک بیگ پھینک کربھا گ گئے۔



ایکسپری نیوز کے مطابق شہرقائد بدھ کو بھی امن کو ترستارہا اور نامعلوم قاتل اپنی کارروائیاں مکمل کرکے غائب ہوتے رہے۔کٹی پہاڑی، محمدپورچوکی پر ایک امام بارگاہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افرادزخمی ہوگئے،زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ذیشان جاں بحق ہوگیا۔ ملزمان نے امام بارگاہ کے قریب بیگ بھی پھینکا جس پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا۔ ادھرحسن اسکوائرکے قریب پولیس موبائل پرفائرنگ سے ایک پولیس اہلکارجاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ڈیفنس فیز 7 میں ڈی ایس پی صغیرشیخ کی رہائش گاہ پر چند روز قبل بطور گھریلو ملازم نوکری اختیار کرنے والے سرفراز اور رقیہ نے بنگلے میں تعینات پولیس گن مین حاکم علی کو قتل کردیا اور گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور پرائز بانڈز لوٹ کرفرارہوگئے۔


جمشیدکوارٹر کے علاقے میں اسلامیہ کالج کے نزدیک نامعلوم افراد کی فائرنگ سےمیڈیکل اسٹورمالک اشفاق کھتری جاں بحق ہوگیا۔ مبینہ ٹاؤن میں عبدالعزیز نے اپنے بیٹے کے قتل کے الزام میں ضمانت پر رہا ہونے والے ملزم جاوید کو قتل کردیا۔ شاہ فیصل کالونی گرین ٹاؤن کے علاقے میں اعجاز نے گھریلوتنازع پر اپنی بیوی سونیا کوگلادبا کرقتل کردیا۔ بلدیہ ٹاؤن مدینہ کالونی میں مکان سےخاتون آمنہ بی بی کی تشدد زدہ لاش ملی، جب کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ پٹیل پاڑہ میں بھی نامعلوم افراد سابق یوسی کونسلر کے گھر پر دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے ہیں، دھماکے ميں یوسی کونسلر کے گھر سمیت قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان یا زخمی نہیں ہوا۔
Load Next Story