وزیر مملکت کا مظفرگڑھ تھرمل پاور پر چھاپہ تیل چوری پکڑی گئی

4 افسر معطل، تحقیقات کا حکم، لیبارٹری کی پرانی مشینری دیکھ کراظہاربرہمی

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 300 ارب کی بجلی چوری ہوئی،عابد شیر علی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابدشیر علی نے چھاپہ مارکر تھرمل پاور اسٹیشن مظفرگڑھ میں کروڑوں روپے کی فرنس آئل مکسنگ وچوری پکڑلی۔

4افسروں کومعطل کرکے فوری تحقیقات اور آئل مکسنگ میںملوث پی ایس اوافسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کاحکم دے دیا جبکہ گزشتہ 5سال میں آئل مکسنگ وچوری کے سلسلے میںدرج مقدمات ری اوپن کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہاہے کہ اربوںروپے کے آئل اسکینڈل کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کرکے عوام اورحکومت کابھاری سرمایہ واپس لایاجائے۔ فرنس آئل میںپانی مکسنگ والا ٹینکر موقع پرپکڑ کر چھوڑنے والوں، پیمائش میں گڑبڑ کرنے اور پاورہائوس کی شکست وریخت دیکھ کر وزیرمملکت شدیدغصے میں آگئے اور متعلقہ افسران کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ریذیڈنٹ انجینئر ٹی پی ایس مظفر گڑھ ارشاد احمد، سینئرانجینئر احسان اللہ، چیف سیکیورٹی آفیسر میجر(ر) عمرحیات اورڈسٹرکٹ آفیسرپی ایس اوکو موقع پر معطل کرکے ذمے داران کے خلاف مقدمات کے اندراج کاحکم دیاہے۔




انھوںنے انکشاف کیا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 300ارب روپے کی بجلی چوری ہوئی۔ وزیرمملکت نے ملتان میں میپکو آفس کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگومیں کہاکہ 15سو فیکٹریوں کے میٹر خراب ہیں جن کی وجہ سے دیگر صارفین سے اوور بلنگ کی گئی ہے، اس کے ذمے داروں کا تعین کیا جائے گا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ہائی لاسز ایریاز میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ جن علاقوں میں اوور بلنگ ہوگی وہاں کے متعلقہ افسر کو موقع پر ہی سزا بھی دی جائے گی۔ ان کاکہنا تھاکہ بجلی چوری پکڑنے کے لیے ادارے کی چھاپہ مار ٹیمیں موقع کی تصاویر حاصل کریں گی اور اس کارروائی کو مرحلہ وار شفاف بنایا جائے گا۔ آن لائن کے مطابق عابد شیر علی نے کہا کہ پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت ہونے والی کارروائی کے بارے میں حکومت نے عدالت عظمیٰ کو جواب بھیج دیا ہے۔
Load Next Story