سعودی عرب میں اونٹوں کے لیے دُنیا کے سب سے بڑے اسپتال کی تعمیر کا منصوبہ

اسپتال میں اونٹوں‌ کے علاج کے علاوہ ان کی افزائش نسل بھی کی جائے گی

اسپتال پر 10 کروڑ ریال کی لاگت آئے گی فوٹو: فائل

سعودی عرب کی حکومت نے اونٹوں کے لئے دنیا کے سب سے بڑے اسپتال کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے۔

عرب ویب سائیٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت زراعت و ماحولیات نے اونٹوں کے لئے دنیا کا سب سے بڑا اسپتال بنانے کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔ یہ اسپتال سعودی عرب کی القصیم گورنری میں تعمیر کیا جائے گا اور اس پر 10 کروڑ ریال کی لاگت آئے گی اور اس کے قیام کے لیے پبلک سیکٹر سے بھی معاونت حاصل کی جائے گی۔


'سلام اسپتال برائے کیمل ویٹرنری' کے نام سے بنایا جانے والے اس اسپتال میں ‌نہ صرف اونٹوں‌ کو لاحق ہونے والی بیماریوں کا علاج کیا جائے گا بلکہ دنیا بھر میں پائے جانے والے مختلف اقسام کے اونٹوں کی پرورش اور ان کی افزائش نسل بھی کی جائے گی۔

سعودی عرب کے سیکریٹری برائے امور حیوانات ڈاکٹر حمد البطشان کا کہنا ہے کہ نئے ویٹرنری اسپتال کے قیام سے ملک میں اونٹوں کی پروش اور ان کی تعداد میں اضافے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ سعودی حکومت ملک میں اونٹوں کی پرورش کے لیے مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی۔

 
Load Next Story