اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے وزیراعظم

اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیراعظم

اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیراعظم فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ مثلاً گندم، چینی، آلو، ٹماٹر، پیاز، گھی اور دالوں کی قیمتوں میں استحکام کے بارے میں تجاویز زیر غور آئیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی حکومتیں فوری طور پر گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیں، اور گندم کی طلب و رسد کو پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کے لیے گندم کی خرید کے اس سال کے اہداف کو دوگنا کیا جائے گا۔


اجلاس میں چینی کی مناسب قیمتوں کو یقینی بنانے کے لئے فیصلہ کیا گیا کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ تھرڈ پارٹی ایویلیوئیشن کے ذریعے چینی کی قیمت کا تعین کرے گا جب کہ گھی کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے کامرس ڈویژن کو طریقہ کار طے کرنے کی ہدایت کی گئی، اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گندم، پیاز، ٹماٹر اور دیگر اشیا کی مشرقی و مغربی سرحدوں کے ذریعے اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ پر عائد ہونے والے ٹیکس میں کمی لانے کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے، ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامی اقدامات کو مزید تیز اور موثر کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور ان میں ممکنہ حد تک کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے تاکہ ان کو بنیادی اشیائے ضروریہ مناسب قیمت پر میسر آئیں، گندم چینی و دیگر اشیا ضروریہ کے اسٹاک کا حقیقی ڈیٹا اور طلب و رسد کے حوالے سے درست تخمینوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی اور روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے، صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز پر فوری طور پر غور کریں تاکہ اس کا باقاعدہ اعلان کیا جا سکے۔
Load Next Story