خیبرپختونخوا حکومت کا ڈرون حملوں کیخلاف پارلیمنٹ اورامریکی سفارتخانے کے باہر دھرنے کا اعلان

امریکی سفات خانے کے باہر دھرنے کی قیادت وزیراعلی کریں گے جس میں تحریک انصاف کے ملک بھر کے منتخب نمائندے شرکت کریں گے

صوبائی کابینہ نے حکومت کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا جس میں ڈرون حملوں سے متعلق جواب طلب کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
خیبرپختونخوا کابینہ نے ڈرون حملوں کے خلاف امریکی سفارت خانے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیرصدارت ہوا جس میں ہنگو اور قبائلی علاقہ جات میں امریکی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈرون حملوں کے خلاف اراکین صوبائی اسمبلی امریکی سفارتخانے کے بعد دھرنا دیں گے جب کہ قومی اسمبلی یا سینیٹ میں سے جس کا بھی اجلاس پہلے منعقد ہوا تو پارلیمنٹ کے باہر بھی دھرنا دیا جائے گا تاہم ان دھرنوں کے حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا ۔ امریکی سفارتخانے کے سامنے دیئے جانے والے دھرنے کی قیادت وزیراعلی پرویزخٹک کریں گے جب کہ ان دھرنوں میں ملک بھر سے تحریک انصاف کے منتخب عوامی نمائندے شریک ہوں گے۔

علاوہ ازیں صوبائی کابینہ نے وفاقی حکومت کو ایک خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا جس میں ڈرون حملوں کے حوالے سے جواب طلب کیا جائے گا۔
Load Next Story