پی ایس ایل فائیو کا میلہ سجنے میں محض ایک دن باقی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ کل رات 9 بجے ہوگا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ کل رات 9 بجے ہوگا

پاکستان سپر لیگ 2020 کا میلہ سجنے میں محض ایک دن باقی رہ گیا ہے۔

پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز جمعرات کو ہوگا۔ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ایونٹ کا افتتاحی میچ جمعرات کی رات 9 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، 21 فروری کو میزبان کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا دوسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی جب کہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین ایونٹ کا تیسرا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتانوں نے 22 مارچ کو فائنل میں رسائی کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم 5 لاکھ امریکی ڈالرز کے علاوہ چمچماتی ٹرافی کی حقدار ٹھہرے گی تاحال لیگ کی سب سے کامیاب ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے، جس کی کامیابی کا تناسب 61.90 فیصد ہے۔ اس فہرست میں پشاور زلمی کا دوسرا نمبر ہے جس کی کامیابی کا تناسب 58.69 فیصد ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز اس فہرست میں بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز، لیگ کی وہ 2 ٹیمیں ہیں جو تاحال پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کرسکیں تاہم دونوں ٹیمیں لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ماضی کے اعداد و شمار کو پس پشت ڈالتے ہوئے تاریخ بدلنے کے لیے پرامید ہیں۔

پی ایس فائیو، ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے، ایونٹ میں شریک تین ٹیموں نے لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے نئے کپتان مقرر کردئیے ہیں۔ شان مسعود ملتان سلطانز، سہیل اختر لاہور قلندرز اور شاداب خان پہلی مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کریں گے۔ ایونٹ میں شریک دیگر تینوں ٹیموں نے اپنے اپنے کپتانوں کو برقرار رکھا ہے۔ سرفراز احمد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ڈیرن سیمی پشاور زلمی اور عماد وسیم کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔

کپتان اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پانچویں ایڈیشن کے لیے بھرپور تیاری کررکھی ہے، یونائیٹڈ کا ابتدائی کیمپ اسلام آباد میں لگایا گیا تھا جہاں مقامی کھلاڑیوں نے شرکت کی، اب غیرملکی کھلاڑیوں سمیت مکمل اسکواڈ کراچی میں ٹریننگ کرنے میں مصروف ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا اسکواڈ متوازی ہے اور بہترین قومی کھلاڑیوں کی موجودگی کے باعث ٹیم کا باؤلنگ اور بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ دونوں مضبوط ہیں۔ وہ 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے پر بہت پرجوش ہیں، انہیں خوشی ہے کہ وہ اس ایڈیشن کے دوران پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میچ اپنے ہوم گراؤنڈ راولپنڈی میں بھی کھیلیںں ۔


کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو یقین ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز میں "ہاؤس فل" ہوگا۔ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر بہت خوش ہیں۔ عماد وسیم نے امید ظاہرکی ہے کہ کراچی کنگز 20 فروری سے شروع ہونے والے ایڈیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں، لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا ایک حسین امتزاج ہے اور وہ آف سیزن میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹر پر ایونٹ کی تیاری کرتے رہے ہیں۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ایونٹ سے قبل ٹیم نے بھرپور تیاری کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس میچز کے علاوہ ایم سی سی کے خلاف وارم اپ میچ سے کھلاڑیوں کا ردھم بحال ہوگا۔ وہ 21 فروری کو اپنے پہلے میچ کے لیے "تیار ہیں"۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ پشاور زلمی لیگ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل رکھتی ہے، پشاور زلمی کی قیادت کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ابتداء سے ہی پشاور زلمی کے اسکواڈ میں بہترین کھلاڑی شامل ہیں جنہیں ہر ایڈیشن میں برقرار رکھا جاتا ہے۔

دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں میچ وننگ باؤلر اور بیٹسمین شامل ہیں، انہیں یقین ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سال ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے گی۔ اپنی عوام کے سامنے مکمل ایڈیشن کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔ پاکستان میں میچز سے نوجوانوں میں کرکٹ کا شوق بڑھے گا۔
Load Next Story