امید ہے امریکی صدر دورہ بھارت میں کشمیریوں کی مشکلات پر بات کریں گے پاکستان

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پرشدید تحفظات کا اظہار کیا، دفترخارجہ

امید ہے امریکی صدر اپنی ثالثی کی پیشکش کوعملی جامہ پہنائیں گے، دفترخارجہ۔ فوٹو:فائل

پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورہ بھارت میں کشمیریوں کی مشکلات پر بات کریں گے۔

اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوترس نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پرشدید تحفظات اور افسوس کا اظہار کیا، پاکستان امید کرتا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی دورہ بھارت میں مقبوضہ کشمیر کی مشکلات پر بات کریں گے اور ثالثی کی پیشکش کوعملی جامہ پہنائیں گے۔


ترجمان دفترخارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال، 200 روز سے جاری کرفیو اور بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاک بھارت کشیدگی پر شدید افسوس اور کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا، اور مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور انہوں نے بھارت سے کشمیر میں انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپرس کے متاثرین آج بھی انصاف کے متلاشی ہیں، ملزمان کے اعتراف کے باوجود سانحہ کے ماسٹر مائنڈ کو بری کیا گیا۔

 
Load Next Story