انچولی دھماکوں میں سنی شیعہ دونوں متاثر ہوئے قائم علی شاہ

بلدیاتی الیکشن کا شیڈول 2، 3 روز میں آئیگا، پی پی سندھ کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس

حیدر آباد: وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سابق ضلع ناظم سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

وزیراعلی سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا ہے کہ انچولی کراچی میں جمعے کوہونے والے 2 بم دھماکوں میں سنی اورشیعہ دونوں طبقات متاثر ہوئے ہیں اوران واقعات میں کوئی اورہاتھ ملوث ہے جوامن وامان خراب کرکے وفاقی اورسندھ حکومت کو غیرمستحکم کرناچاہتا ہے۔

نیٹو سپلائی ہمارا نہیں بلکہ وفاقی معاملہ ہے جس کی اجازت وفاقی حکومت نے دی ہے ہماری یہ ذمے داری ہے کہ ہم سندھ کی حدود میں نیٹوسپلائی کی حفاظت کریں۔ان خیالات کااظہارانھوں نے پیپلزپارٹی سندھ کونسل کے اجلاس کے بعد شرجیل میمن،راشد ربانی، وقارمہدی، زاہد بھرگڑی اور فیاض علیشاہ کے ہمراہ مین ایچ ڈی اے سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ لیاری کا معاملہ 2گروپوں کی لڑائی ہے لیکن کچھ بھی ہو لیاری میں امن قائم کریں گے، جو بھی جرائم پیشہ ہے اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا،انھوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوںکی اطلاعات پررینجرزاور پولیس کورات کوبھی سونے نہیں دیا گیاجس کے نتیجے میں عاشورہ سمیت پورا عشرہ محرم امن وامان سے گزرگیا اورسخت حفاظتی انتظامات کے نتیجے میں امن دشمنوں کو کچھ کرنے کا موقع نہیں ملا۔کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اوراغوا برائے تاوان اورامن وامان کے اعتبار سے کافی بہتری آئی ہے۔




انھوں نے کہا کہ میرے آبائی ضلع (خیرپور) سمیت اندرون سندھ میں بھی پہلے امن وامان کی صورتحال خراب تھی لیکن اچھے پولیس افسران کی تعیناتی کے بعد صورتحال بہتر ہے،حیدرآباد میں امن وامان کیصورتحال ایک دو ہفتوں میں بہتر ہوجائے گی۔سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول 2 سے 3 روز میں آئے گا، سندھ کابینہ میں نہ پہلے کوئی اختلاف تھا اورنہ اب ہے، عوام نے خدمات کے اعتراف میں پارٹی کو کامیاب کرایا ہے، انھوں نے کہا کہ شوگرملزمالکان اور آبادگاروں کوبلاکر قیمت پرمفاہمت کرانے کی کوشش اور ماہ دسمبر کے شروع میں کرشنگ شروع کرنے پرمجبورکیا جائے گا۔ موجودہ ضلع حیدرآباد کی تاریخی حیثیت برقرار رہے گی۔ حیدرآباد کودرپیش مسائل حل کریں گے۔

انھوں نے بتایا کہ سندھ کونسل کے اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین شہید بینظیربھٹوکی برسی 27 دسمبرکو ان کے مزار پر انتہائی شایان شان طریقے سے منانے کافیصلہ کیا ہے،برسی کے جلسے سے بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری خطاب کریں گے جبکہ اس مرتبہ پارٹی کے یوم تاسیس کا مرکزی پروگرام 30 نومبر کو فیصل آباد میں بھرپور طریقے سے منعقد ہوگا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ڈی آئی جی اورایس ایس پی پولیس حیدرآباد کو خبردار کیا ہے کہ 2 ہفتوں کے اندر حیدرآباد ڈویژن اور شہر میں جرائم پیشہ سرگرمیوں پر قابو پایا جائے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یہ انتباہ انھوں نے سرکٹ ہائوس میں اجلاس کے دوران جاری کیا ۔ سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی سندھ نے کمشنر حیدرآباد کوکہا کہ وہ بھی پولیس افسران کی کارکردگی کی تصدیق شدہ رپورٹ انھیں پیش کریں۔ اس موقع پر شہر میں صفائی ستھرائی اور سیوریج کے ناقص نظام پر اپنے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو 2 ہفتوں کے اندر 2صہرتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
Load Next Story