عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والی طالبہ اقصیٰ

طالبہ کی کمزور نظر والے افراد کے لیے تیار کردہ سلائی مشین لیکسس ڈیزائن ایوارڈ 2020ء کے حتمی 6 فائنلسٹ میں شامل

پاکستانی طالبہ اقصیٰ اجمل نے نابینا افراد کے لیے محفوظ اور آسان سلائی مشین بنائی ہے جسے لیکسس ایوارڈ کے 6 فائنلسٹس میں شامل کیا گیا ہے (فوٹو: ٹریبیون)

پاکستانی انڈسٹریل ڈیزائننگ کی طالبہ اقصیٰ اجمل نے بصارت کی خرابی میں مبتلا افراد کے لیے ایک جدید سلائی مشین ڈیزائن کی ہے جسے لیکسس ڈیزائن ایوارڈ 2020ء کے حتمی 6 فائنلسٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

اقصیٰ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی طالبہ ہیں اور انہوں نے 'پرس وِٹ' نامی سلائی مشین تیار کی ہے جس کی بدولت متاثرہ بصارت کے حامل خواتین و حضرات سلائی کرکے اپنے روزگار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

لیکسس فائنلسٹ ایوارڈ کا انتخاب بہت مشکل تھا کیونکہ اس میں 79 ممالک میں سے 2042 افراد نے اپنی ایجادات اور ڈیزائن بھیجے تھے۔ تمام ڈیزائن کو تین اہم خواص کی بنا پر منتخب کیا گیا تھا؛ اول، جدت، مستقبل کے لیے ضروری اور متاثر کن ڈیزائن جس سے بھلا ممکن ہوسکے۔



اقصیٰ کی ڈیزائن کردہ سلائی مشین استعمال میں آسان ہے اور اس میں وہ تمام خواص ہیں جن کی بنا پر غریب اور متاثرہ افراد کسی رکاوٹ کے بغیر کام کرسکتے ہیں۔


ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہوئے طالبہ اقصیٰ اجمل نے کہا کہ غیریقینی صورتحال سے اس کامیابی تک کا سفر طویل تھا، نسٹ آنے سے قبل میں صنعتی ڈیزائننگ کے متعلق بہت کم جانتی تھی لیکن ہمت جاری رکھی اور دھیرے دھیرے اس میں کمال پیدا کیا۔

https://www.youtube.com/watch?v=9dKUlKvP8HM&feature=youtu.be&fbclid=IwAR3LsSYGTiaKOYpC4MjyVkQsiIbe3gaJ2NC8pW3QGIMDZiJPcUokSVLiIo8

اقصیٰ نے بتایا کہ کس طرح ان کی دوست اور پڑوسی ایک الم ناک حادثے میں نابینا ہوگئی تھی اور پڑھائی کا سلسلہ موقوف ہوگیا تھا، پاکستان میں بریل سے تعلیم دینے والے نظام بہت مہنگے ہیں جس پر انہوں نے اپنی دوست اور اس جیسے لاتعداد افراد کے بارے میں سوچنا شروع کیا اور یہ ڈیزائن بنایا۔



لیکسس میں منتخب ہونے کے بعد انہیں نیویارک میں دنیا کے بہترین صنعتی ڈیزائنروں سے سیکھنے کا موقع ملا اور اب وہ اٹلی کے شہر میلان جائیں گی جہاں وہ ایک بڑے موقع پر اپنی ایجاد کے بارے میں گفتگو کریں گی۔ اب وہ چاہتی ہیں کہ اس کا عملی نمونہ بنایا جاسکے تاکہ فنڈنگ کے بعد اسے بڑے پیمانے پر اس کی تیاری شروع ہوسکے۔
Load Next Story