مودی کا انتہا پسند نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سے ہار گیا فردوس عاشق

مودی اسلحے کے ڈھیر خرید کر بھی عمران خان کے سامنے بے بس دکھائی دے رہا ہے، معاون خصوصی

ہندوستان "ہندتوستان" میں تبدیل ہو چکا ہے، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مودی کا انتہا پسند متعصبانہ نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سے شکست کھا چکا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں فرودس عاشق اعوان نے کہا کہ مودی کا انتہا پسند متعصبانہ نظریہ عمران خان کی امن کی سوچ سے شکست کھا چکا ہے۔ صدر ٹرمپ کا بیان پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش پر کاری ضرب ہے۔ مودی اسلحے کے انبار اور بارود کے ڈھیر خرید کر بھی عمران خان کی کامیاب سفارتکاری کے سامنے بے بس دکھائی دے رہا ہے۔


معاون خصوصی نے کہا کہ کشمیریوں پر ظلم نے عالمی ضمیر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ٹرمپ کا یہ بیان ثبوت ہے کہ کشمیر ایک مسلمہ عالمی تنازع ہے۔ خون ناحق پر پوری دنیا کا آواز بلند کرنا خوش آئند ہے۔ عالمی برادری سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کا جمہوری و قانونی حق دلوائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہندوستان "ہندتوستان" میں تبدیل ہو چکا ہے۔ صدرٹرمپ کی موجودگی میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدداور قتل عام بھارتی قیادت کی فسطائی و مجرمانہ سوچ کو پوری دنیا پرعیاں کررہا ہے جب کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا دنیا بھرمیں پرامن اور رواداری پرمبنی معاشرے کا تاثر ابھر رہا ہے۔
Load Next Story