ٹڈاپ مالی اسکینڈل کمپنیوں نے 5 کروڑ روپے لوٹا دیے

ایکسپورٹرزکی بڑی تعدادنے آئندہ چنددنوں میں لوٹی گئی رقم واپس کرنیکی یقین دہانی کرادی

فریٹ سبسڈی ودیگر مد میں قومی خزانے کو 5 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ فوٹو: فائل

ٹریڈڈیولپمنٹ اٹھارٹی آف پاکستان(ٹڈاپ)میں اربوں روپے کی کرپشن میں ملوث ایکسپورٹرز نے لوٹی گئی رقم کی واپسی شروع کردی۔

ایف آئی اے کو 5کروڑ روپے کے پے آرڈر وصول ہوچکے ہیں، ایکسپورٹرز کی بڑی تعدادنے آئندہ چنددنوں میں لوٹی گئی رقم کوواپس کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے ۔ایف آئی اے نے 6ماہ قبل ٹریڈڈیولپمنٹ اتھارٹی میں گزشتہ دورحکومت میں ہونیوالی اربوں روپے کی کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا، تحقیقات کے دوران یہ انکشاف ہواتھا کہ گزشتہ دور حکومت کی اہم شخصیات اورٹڈاپ کے اعلی ترین عہدوں پر قائم افسران نے ملی بھگت سے قومی خزانے کو 5 ارب روپے سے زائد کاچونا لگایا،سب سے زیادہ کرپشن ٹڈاپ کی فریٹ سبسڈی اسکیم کی مد میں کی گئی جس کے تحت پاکستانی مصنوعات کیلیے نئی بین الاقوامی منڈیاں تلاش کرنے والے ایکسپورٹرزکو 25 فیصد بطور فریٹ سبسڈی کی مدمیں دیے جاتے تھے۔




کرپشن مافیا نے سیکڑوں کاغذی ایکسپورٹ کمپنیوں کے نام پر ہر سال ایک ارب روپے سے زائد جعلی کلیم حاصل کیے جبکہ کچھ کلیم حاصل کرنے والی ایکسپورٹ کمپنیاں تو موجود تھیں تاہم ان کی جانب سے جمع کرائی جانے والے فریٹ سبسڈی کے کلیم جعلی تھے، ایف آئی اے نے اربوں روپے کے مالی اسکینڈل کی تحقیقات کے دوران اب تک 30 سے زائدمقدمات درج کیے ہیں جبکہ ٹڈاپ کے دو سابق سربراہان سمیت اعلی ترین عہدوں پرتعینات متعدد افسران، کاغذی کمپنیوںکے مالکان، مڈل مین کاکردارادا کرنیوالے اور آڈٹ کمپنی کے اہم افراد سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کیاہے، مالی اسکینڈل میں بالواسطہ ملوث ایکسپورٹ کمپنیوں نے اپنے اکائونٹس میں آنے والی کرپشن کی رقم کی واپسی شروع کردی ہے اوراب تک ایک درجن کے قریب کمپنیوں نے 5 کروڑ روپے کے پے آرڈر ایف آئی اے کو دے دیے ہیں جو کہ قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں گے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق بڑی تعداد میں ایکسپورٹ کمپنیوں نے آئندہ چند روز میں اپنے اکائونٹس میں آنے والی کرپشن کی رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story