برسبین ٹیسٹ جیمز اینڈرسن کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک پر جرمانہ

مائیکل کلارک نے کھیل کے دوران جیمز اینڈرسن کو گالی بکتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اپنا بازو تڑوانے کے لئے تیار ہوجاؤ‘‘

میچ ریفری نے مائیکل کلارک کو ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 2 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے۔ فوٹو: کرک انفو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آسٹریلیا میں کھیلی جارہی ایشز سیریز کے پہلے میچ میں انگلش کھلاڑی جیمز انڈرسن کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کینگرو قائد مائیکل کلارک پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

اتوار کے روز انگلینڈ کی بیٹنگ کے دوران کائیکل کلارک کی جانب سے ادا کئے گئے جملوں کے بارے میں فیلڈ امپائر کمارا دھرما سینا اور ٹی وی امپائر میریز ارازمز نے رپورٹ کی تھی، میچ ریفری جیفری کرو نے سماعت کے دوران مائیکل کلارک کو ضابطہ اخلاق کا مرتکب پاتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ اس موقع پر مائیکل کلارک نے اپنے اوپر الزامات کو قبول کرلیا ہے۔


مائیکل کلارک کو ہونے والے جرمانے پر آسٹریلین بورڈ کے حاکم ملی جلی رائے کا اظہار کررہے ہیں، کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدرن لینڈ نے کہا ہے کہ کرکٹ کے وقار کو برقرار رکھنے کے لئے مائیکل کلارک کو جملے بازی سے پرہیز کرنا چاہئے، جبکہ آسیڑیلین کرکٹرز کی نمائندہ تنظیم آسٹریلین کرکلٹرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو پال مارش کا کہناہے کہ کرکٹ میں حریف کھلاڑیوں کے درمیان جملے بازی کوئی نئی بات نہیں، مائیکل کلارک کی جانب سے اختیار کیا گیا رویہ انگلش کھلاڑیوں کو دباؤ میں لانے کے لئے تھا اور ان کے جملوں نے آسٹریلین ناظرین کو خاصا محظوظ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز مائیکل کلارک نے کھیل کے دوران جیمز اینڈرسن کو گالی بکتے ہوئے کہا تھا کہ ''اپنا بازو تڑوانے کے لئے تیار ہوجاؤ'' جس کے بعد دونوں کے درمیان بد مزگی ہوئی اور فیلڈ امپائرز نے معاملہ رفع دفع کرادیا تھا۔ تاہم کھیل کے خاتمے کے بعد مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیرئیر میں اس سے بھی زیادہ سخت باتیں سنی ہیں۔
Load Next Story