چین متنازعہ علاقوں میں نئی فضائی حد بندیوں سے باز رہے جاپان کی دھمکی

متنازعے علاقوں میں چین اپنے آپ کو قابو میں رکھے، جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے

جاپان کے علاوہ امریکا اور جنوبی کوریا نے بھی بحیرہ چین میں نئی فضائی حد بندیوں پر خدشات کا اظہار کیا ہے۔ فوٹو: فائل

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کا کہنا ہے کہ چین متنازعہ علاقوں میں نئی فضائی حد بندیوں سے باز رہے کیونکہ اس کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔

دارالحکومت ٹوکیو میں پارلیمانی اجلاس سے خطاب کے دوران شنزو آبے کا کہنا تھا کہ متنازعہ علاقوں میں چین اپنے آپ کو قابو میں رکھے،بحیرہ چین میں چین کی نئی حد بندی نافذ العمل نہیں۔ اس قسم کے اقدامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور چین کو انہیں منسوخ کر دینا چاہئے دوسری صورت میں اس کے خطرناک نتائج نکلیں گے،جاپان کے علاوہ امریکا اور جنوبی کوریا نے بھی چین کی جانب سے بحیرہ چین میں نئی فضائی حد بندیوں کے اطلاق پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔


دوسری جانب چین کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ خطے میں نئی فضائی حد بندیاں اس کا حق ہے اور اس سلسلے میں دیگر ممالک کی جانب سے کی جانے والی تنقید بے جا اور غیر حقیقت پندانہ ہے، جاپان چین کی خودمختاری کی خلاف ورزی سے باز رہے اور ایسے کسی بھی بیان سے گریز کرے جو گمراہ کن ہوں۔

واضح رہے کہ بحیرہ چین میں واقع چند جزائر پر جاپان اور چین دونوں اپنے حق ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں ، چین نے دو روز قبل نئی فضائی حد بندی جاری کی تھی جس کے تحت مخصوص علاقے کی فضا میں داخل ہونے والے تمام طیاروں کو اپنی پرواز کا منصوبہ لازمی دینا ہوگا اور اسے ریڈیو کے ذریعے دو طرفہ رابطہ رکھنے اور اپنی شناخت کے بارے میں سوالات کے بر وقت اور صحیح جوابات دینا ہوں گے۔ عدم تعاون پر چینی فوج طیارے کے خلاف ہنگامی دفاعی دفاعی اقدامات کرے گی۔
Load Next Story