جنوبی افریقا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اچھی پرفارمنس

پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 23 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔

انور علی کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو؛ اے ایف پی

پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ایک روزہ میچ میں 23 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی۔ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 218 رنز اسکور کیے۔ ہدف کے تعاقب میں ہوم سائیڈ 48.1 اوورز میں 195رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی ٹیم کے نئے کھلاڑیوں بلاول بھٹی اور انور علی نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے بالترتیب 3اور 2وکٹیں حاصل کیں۔ بیٹنگ میں بھی دونوں کھلاڑیوں نے پچاس رنز کی شراکت بنا کر کمزور بیٹنگ لائن کو مستحکم کیا۔ انھوں نے مشترکہ طور پر 74رنز جوڑے۔


انور علی نے 43رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جب کہ بلاول بھٹی نے 39 رنز بنائے۔ انھی رنز کی بدولت پاکستان 218رنز بنانے میں کامیاب ہو سکا۔ پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا میں اب تک اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے' پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی ہے۔ جنوبی افریقہ روانگی سے ایسا لگتا تھا کہ پاکستانی ٹیم شاید اچھی پرفارمنس نہ دے سکے لیکن ٹیم میں شامل نئے کھلاڑیوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اگر نئے کھلاڑیوں کو چانس دیا جائے تو ٹیم بیرون ملک کا میابیاں حاصل کر سکتی ہے' ٹیم میں شامل بعض سینئر کھلاڑیوں کی پرفارمنس توقع کے مطابق نہیں جا رہی' اگلے میچوں میں سینئر نے بھی اپنے کھیل کو بہتر بنایا تو پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا سے فتح یاب ہو کر وطن واپس آئے گی۔
Load Next Story